• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

فضائی میزبان کی آپ بیتی: ایئر ہوسٹل اور ہوٹل کے معاملات

شائع December 28, 2021 اپ ڈیٹ October 18, 2022

اس سلسلے کی گزشتہ اقساط یہاں پڑھیے۔


وردی میں ملبوس، اکٹھے حرکت کرتے ہوئے عملے کو ہر جگہ لوگ بڑے غور سے دیکھتے ہیں۔ لڑکے لڑکیوں کو ساتھ دیکھ کر اس گرویدگی کے عالم میں ان کی سوچ وہاں پہنچ جاتی ہے جہاں سے واپسی اخلاقی طور سے ممکن نہیں رہتی۔

اکثریت کے لیے اس نوکری کا نام بھی پائلٹ ہونا ہے۔ ظاہر ہے بھئی اتنا بڑا جہاز ہوتا ہے، اسے اڑانے کے لیے 12 سے 14 بندے تو لازمی چاہیے ہوتے ہیں۔ یہ تو بہت سے لوگ پوچھتے ہیں کہ بھائی کیا آپ پائلٹ ہیں؟ اتنے عوام کو بتا بتا کر آخر اکثر جان چھڑانے کے لیے یہ کہنا ہی پڑتا ہے کہ ہاں جی ہم پائلٹ ہوتے ہیں لیکن ایک بار تو حد ہوگئی۔

میں اور میرا ساتھی ریحان ایک روح فرسا پرواز کرنے کے بعد تھکے ہارے اپنا سامان کھینچتے گاڑیوں کی طرف جا رہے تھے کہ 2 نوجوانوں نے تقریباً پورا راستہ روک کر سلام کیا۔ یہ دونوں آرمانی اور گووچی کے دیسی، کم قیمت اور بھرپور فیشنی کپڑوں میں ملبوس تھے۔ مسیں بھیگی کم اور سوکھی زیادہ تھیں۔ سستے نائی سے مہنگے بال کٹوانے کی وجہ سے بالوں کے گچھے وہاں سے کھڑے تھے جہاں پر بیٹھے ہونے چاہیے تھے۔ خیر سلام کا جواب دیا تو ان میں سے ایک نے سوال داغا کہ 'اے پائین تسی ایئر ہوسٹل جے؟ (بھائی آپ ایئر ہوسٹس ہیں)'

میرے تصور میں ایک 22 پہیوں والے ٹرالے کی زوردار بریک لگی اور شیشہ ٹوٹنے کی آواز آئی۔ ریحان کے کانوں میں عظیم اوپرا گائیک پاواروٹی کی دھاڑیں گونجنے لگیں اور ہم دونوں 2.25 سیکنڈ کے لیے خاموش ہی ہو کر رہ گئے۔ ہم نے ان کی انگریزی زبان سے اس قدر رغبت اور ہوا بازی سے متعلق خاطر خواہ معلومات رکھنے پر ان کی ٹھیک ٹھاک پذیرائی کرکے خراجِ تحسین پیش کرنے کا سوچا لیکن نمبر ایک وردی اور نمبر 2 تھکاوٹ کی وجہ سے ارادہ ملتوی کردیا۔ یہاں بھی 'آہو پائین' کہہ کر اپنی راہ لی۔

وردی میں ملبوس، اکٹھے حرکت کرتے ہوئے عملے کو ہر جگہ لوگ بڑے غور سے دیکھتے ہیں— تصویر بشکریہ پی آئی اے/فائل
وردی میں ملبوس، اکٹھے حرکت کرتے ہوئے عملے کو ہر جگہ لوگ بڑے غور سے دیکھتے ہیں— تصویر بشکریہ پی آئی اے/فائل

پھر یہ سوال ہوتا ہے کہ آپ کے ساتھ اتنا سامان کیوں ہوتا ہے۔ جب دیکھو ٹرالی بیگ ساتھ ساتھ کھنچتے جا رہے ہیں اور اکثر ایک بڑا اٹیچی بھی ہوتا ہے۔ تو بات ایسی ہے جیسے 'سامان سو برس کا ہے پل کی خبر نہیں'، ایسے ہی عملے کو بھی پل کی خبر نہیں ہوتی کہ پرواز اگر لندن جا رہی ہے تو راستے میں ماسکو یا جرمنی تو نہیں اتر جائے گی۔

اتر بھی سکتی ہے، جیسے ایک مرتبہ پرواز لندن جاتے ہوئے جرمنی کے شہر بون میں اتر گئی تھی کیونکہ لندن کی طرف برفانی طوفان نے ڈیرے ڈالے ہوئے تھے۔ 2 دن وہاں رکنا پڑا۔ ایسی صورتحال میں عملے کے اس ٹرالی بیگ میں سے ہی اضافی وردی، ڈھنگ کے کپڑے ہوٹل میں پہننے کے لیے اور بے ڈھنگے کپڑے رات کو سونے کے لیے، جوتا اور دیگر ضروری استعمال کی اشیا نکلتی ہیں۔ اکثر ایک چھوٹا دستی بیگ ضروری کاغذات رکھنے کے لیے بھی ہوتا ہے۔ تو 'ہر گھڑی بدل رہی ہے روپ زندگی' کی طرح عملے کو بھی ہر گھڑی تیار رہنا پڑتا ہے کہ زندگی کے اچانک بدلتے روپ کا 'عملہ وار' مقابلہ کیا جاسکے۔

یہ بیگ عمرو عیار کی زنبیل سے کم نہیں ہوتا۔ 2 کپ چائے بنانے کے لیے سوکھا دودھ، پتی اور برقی کیتلی بھی اسی میں ہوتی ہے۔ کسی جیب سے الائچی نکل آتی ہے تو کہیں سے دار چینی کا ٹکڑا۔ لوگ کہتے ہیں 'ڈیو نا پیا تو پھر کیا جیا' لیکن میری لغت میں 'صبح چائے کا کپ نا پیا تو پھر کیا جیا'۔

ایسا نہیں کہ بیرونِ ملک ہوٹلوں کے کمروں میں چائے بنانے کی سہولت میسر نہیں ہوتی لیکن باہر والوں کی چائے بڑی ہلکی ہوتی ہے اور ہوٹل میں پڑی اس برقی کیتلی میں لوگ انڈے اور سبزیاں بھی ابالتے ہیں، اور اپنے چھوٹے موٹے کپڑے بھی صحت و صفائی کے اصولوں پر گرم پانی سے دھونے میں عار نہیں سمجھتے جیسا کہ موزے وغیرہ۔ ایسے حسین و دلفریب مناظر انٹرنیٹ پر وافر مقدار میں موجود ہیں۔ تو جناب کیتلی اور کپ اپنا اپنا، کیونکہ ہوٹل کے کمرے میں موجود کپ میں سگریٹ بھی بجھائی جاتی ہے اور مشروبات غیر طہورا بھی پیے جاتے ہیں۔

اس نوکری کے لیے برداشت بہت چاہیے ہوتی ہے۔ کسی کو نئی جگہ نیند نہ آنے کا مسئلہ ہوتا ہے۔ کسی کا معدہ کمزور ہوتا ہے۔ اب ہر ہوٹل میں بیڈ ایک جیسا تو نہیں ہوتا۔ کہیں دھنس کے سونا پڑتا ہے تو کہیں پھنس کر لیکن کسی جگہ ایسا بیڈ بھی ہوتا ہے کہ اٹھو تو دائمی کمر درد ایسے غائب ہوتا ہے جیسے کسی ایماندار افسر کی جیب سے بیچ مہینے میں تنخواہ۔ مزید یہ کہ جگہ جگہ کا کھانا اور پانی معدے کو ایسے پھینٹ کر رکھ دیتا ہے جیسے دل والے دلہنیا لے جائیں گے کے آخری مناظر میں کلجیت اور اس کے دوست راج کو۔ تو دل مضبوط کر کے نئی جگہ سونا بھی پڑتا ہے اور معدہ مضبوط کرکے کھانا بھی۔

باوردی راقم الحروف جہاز پر سوار ہونے کو تیار ہے—لکھاری
باوردی راقم الحروف جہاز پر سوار ہونے کو تیار ہے—لکھاری

جیسے ہنگامی حالات سے بچنے کے لیے ایک فہرست ترتیب دی جاتی ہے جس کے مطابق جہاز پر ہنگامی حالات میں استعمال ہونے والے آلات کی موجودگی، مدت اور اہلیت جانچی جاتی ہے اسی طرح ہوٹل کے کمرے میں داخل ہو کر بھی عملہ کچھ چیزیں ضرور دیکھتا ہے۔ چارجر بیڈ کے ساتھ والی میز کے اوپر لگے ساکٹ میں لگ جائے تو وارے نیارے ہوجاتے ہیں۔ شاور کے پردے کے پیچھے اور بیڈ کے نیچے ایک نظر ضرور دیکھ لیا جانا چاہیے کہ کوئی لاش وغیرہ نہ پڑی ہو۔

پاکستانی ہوٹلوں کے اپنے مزاج ہیں۔ ان میں سب سے پہلے تو یہ کہ بیت الخلا میں پانی کی ترسیل مروجہ قوانین کے مطابق ہو تو کافی سکون رہتا ہے۔ مسلمانی شاور سے کبھی کبھی پانی کی جگہ افریقی حبشیوں کے نیزے نکلتے ہیں جو خاطر خواہ اور دیر پا تکلیف کا سبب بن سکتے ہیں۔ بیسن کے نل کو چلانے کے بعد اگر اس میں سے پانی کے بجائے لوفر لڑکوں کی سیٹیوں کی آواز آئے تو فوراً استقبالیہ پر فون کرکے بتانا پڑے گا۔ باہر کے ہوٹلوں کے بیت الخلا کے شاور میں ٹھنڈا گرم پانی اور اپنے یہاں صرف پانی کا نظام چیک کرنا ہوتا ہے۔

ایک مرتبہ سیالکوٹ کے ایک ہوٹل میں شاور چیک کرنا بھول گیا۔ انسان ہوں، نسیان تو ابد تک ساتھ ہے۔ اب غسلِ پرواز کے لیے چھوٹے سے اکھاڑہ غسلاں میں داخل ہوا (جو آج کل کافی فیشن میں ہے) جس میں پانی نکلنے کے اتنے راستے تھے جتنی اندرون شہر کی گلیاں۔ چھوٹی ٹوٹی چلا کر مسئلہ فیثا غورث حل کیا کہ ٹھنڈا پانی آتا تو گرم روٹھ جاتا۔ گرم کے ترلے کرتا تو ٹھنڈا میکے چلا جاتا۔ خیر یہ راضی نامہ ہوا تو مرکزی ٹوٹی گھمائی ہی تھی کہ اتنی جگہ سے متذکرہ بالا نیزے نکلے کہ میں قدیم ہندوستانی ٹھگوں کی مانند لچک اور پھرتی نہ دکھاتا تو وہاں وہاں زخم لگتے کہ کسی کو بتا بھی نہ پاتا۔

دور کے ڈھول سہانے ہوتے ہیں۔ کبھی کبھی ایسی جگہوں پر بھی گزارا کرنا پڑتا ہے اور بعض اوقات ایسے ہوٹل ملتے ہیں کہ اپنی قسمت پر رشک آتا ہے اور جذباتی غدود کی زیادتی سے آنکھوں میں خوشی کے آنسو۔ بیڈ کی سائیڈ پر رکھے ریموٹ کے ذریعے کمرے کی روشنی، پردے اور حرارتی نظام قابو کرنے کا بھی تجربہ کیا۔ یہاں تک کہ ایک بار بیت الخلا کا فرش بھی ایسا پایا کہ اسے مرضی کے مطابق ٹھنڈا یا گرم کیا جاسکتا تھا اور کمرے سے زیادہ آرامدہ معاملہ تھا۔ لیکن چونکہ بیت الخلا حوائج ضروریہ کے لیے مخصوص ہے لہٰذا حوائج عامہ کمرے تک محدود رکھنے پڑے۔

عملے کے ان تمام تجربات سے سبق سیکھیں اور اگر آپ مستقبل قریب میں سفر کرنے والے ہیں تو ان سے استفادہ کرکے ثواب دارین حاصل کریں۔

خاور جمال

خاور جمال 15 سال فضائی میزبانی سے منسلک رہنے کے بعد ایک اردو سوانح ‘ہوائی روزی’ کے مصنف ہیں۔ اب زمین پر اوقات سوسائٹی میں فکشن کے ساتھ رہتے ہیں۔ بہترین انگریزی فلموں، سیزن اور کتابوں کا نشہ کرتے ہیں۔

انہیں فیس بُک پر فالو کریں: khawarjamal. ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024