• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

میرل اسٹریپ کو دیکھ کر اداکاری کا شوق ہوا، اُشنا شاہ

شائع December 21, 2021
والدہ اور بہن کا زیادہ کام نہیں دیکھا، اداکارہ—اسکرین شاٹ
والدہ اور بہن کا زیادہ کام نہیں دیکھا، اداکارہ—اسکرین شاٹ

اداکارہ اُشنا شاہ نے کہا ہے کہ اگرچہ ان کی والدہ اور بڑی بہن بھی اداکاری کرتی رہی ہیں مگر انہیں ہولی وڈ کی سپر اسٹار میرل اسٹریپ کو دیکھ کر اداکاری کا شوق ہوا۔

میرل اسٹریپ کا شمار ہر دور کی بولڈ اور بہترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، وہ 70 اور 80 کی دہائی کی اولین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔

اُشنا شاہ نے حال ہی میں ’وی او اے اردو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ ان کا بچپن اور زندگی کا زیادہ تر حصہ کینیڈا میں گزرا، جس وجہ سے ابتدائی طور پر انہیں شوبز میں اردو ٹھیک انداز میں نہ بول پانے کی وجہ سے مسئلہ بھی ہوا۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے اب تک اپنے کیریئر کے 20 فیصد کردار منفی نبھائے ہیں، تاہم حیران کن طور پر انہیں برے کردار ادا کرنے پر بھی سوشل میڈیا پر گالیاں دی جاتی ہیں۔

نڈر اور ڈرپورک کرداروں تک محدود رہنا نہیں چاہتی، اداکارہ—اسکرین شاٹ
نڈر اور ڈرپورک کرداروں تک محدود رہنا نہیں چاہتی، اداکارہ—اسکرین شاٹ

اشنا شاہ نے کہا کہ انہیں ان کے لباس، بیانات اور کرداروں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، یہاں تک کہ اگر وہ ساڑھی کے ساتھ تصویر شیئر کردیں اور انہوں نے دوپٹہ نہ پہن رکھا ہو تب بھی انہیں گالیاں دی جاتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں سینیئر اداکار قوی خان کے ساتھ کام کرنے کی شدید خواہش ہے جب کہ وہ اپنی بہترین دوست کبریٰ خان کے ہمراہ بھی کام کرنا پسند کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: اشنا شاہ کے آنے والے گانے کی تصاویر پر مداح برہم

اداکارہ نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں اس تاثر کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے کہ جو امیر ہے، اسے انگریزی آتی ہوگی اور جو بولڈ لباس پہنتا ہے وہ خراب ہوتا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کرتی ہیں کہ ڈراموں میں بیرون ملک رہنے والے پاکستانی کا کردار بھی ایسے ادا کریں کہ اس کردار سے ہی واضح ہو کہ وہ پاکستانی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں اشنا شاہ نے کہا کہ عورت کے کرداروں کے کئی پہلو ہوتے ہیں، ان کے پاس جذبات اور احساسات کی بہت بڑی رینج ہوتی ہے، اس لیے وہ بھی اس کوشش میں رہتی ہیں کہ وہ ڈرپوک اور نڈر کرداروں تک محدود نہ رہیں بلکہ ایسے کردار بھی ادا کریں، جن میں حقیقت کا رنگ نمایاں ہو۔

اشنا شاہ نے واضح کیا کہ انہوں نے اپنی والدہ عصمت طاہرہ اور بڑی بہن اسرا غزل کے ڈرامے اتنے زیادہ نہیں دیکھے مگر انہیں ہولی وڈ اداکارہ میرل اسٹریپ بہت اچھی لگتی تھیں اور انہیں دیکھ کر ہی انہیں اداکاری کا شوق ہوا۔

مزید پڑھیں: اشنا شاہ کو ڈیلیوری بوائے کے ساتھ نامناسب رویے پر تنقید کا سامنا

اداکارہ نے کہا کہ وہ بہت ہی شاندار فلمیں اور ڈرامے دیکھ کر بڑی ہوئیں، تاہم یقینی طور پر والدہ اور بڑی بہن کی اداکاری سے بھی وہ متاثر ہوئی ہوں گی، جس وجہ سے وہ اداکاری میں آئیں۔

اشنا شاہ کی والدہ عصمت طاہرہ ماضی کی مقبول اداکارہ ہیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
اشنا شاہ کی والدہ عصمت طاہرہ ماضی کی مقبول اداکارہ ہیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

خیال رہے کہ اشنا شاہ کی والدہ اداکارہ عصمت طاہرہ ماضی کی مقبول اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، تاہم انہوں نے 1990 کی دہائی میں اداکاری سے دوری اختیار کرلی تھی مگر اب خبریں ہیں کہ وہ جلد اداکاری میں واپسی کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: مداحوں کا اشنیٰ شاہ کو کنگنا رناوٹ کے بجائے حلیمہ سلطان بننے کا مشورہ

عصمت طاہرہ نے 1980 سے قبل ہی پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ان کی بڑی صاحبزادی اسرا غزل نے 1990 کے بعد اداکاری شروع کی۔

اشنا شاہ کے ایک بھائی بھی شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں، تاہم وہ اداکاری سے زیادہ ہدایت کاری اور پروڈکشن میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

اشنا شاہ کی بڑی بہن اسرا غزل بھی اداکارہ ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
اشنا شاہ کی بڑی بہن اسرا غزل بھی اداکارہ ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024