• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

این اے-133 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ(ن) کی شائستہ ملک کامیاب

شائع December 6, 2021
شائستہ ملک نے پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری اسلم گل کو 14ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی— فائل فوٹو بشکریہ قومی اسمبلی ویب سائٹ
شائستہ ملک نے پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری اسلم گل کو 14ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی— فائل فوٹو بشکریہ قومی اسمبلی ویب سائٹ

لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-133 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ(ن) کی امیدوار شائستہ ملک نے پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری اسلم گل کو شکست دے دی۔

تمام 254 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی امیدوار نے 14ہزار سے زائد ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک انتقال کر گئے

غیرحتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ(ن) کی امیدوار شائستہ پرویز ملک ضمنی الیکشن میں 46 ہزار 811 ووٹ لے کر کامیاب رہیں۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری محمد اسلم گُل 32ہزار 313 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور مسلم لیگ(ن) کی امیدوار نے 14ہزار 498 ووٹوں کے فرق سے فتح اپنے نام کی۔

حلقے میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 18.50 فیصد رہا اور 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد ووٹرز میں سے صرف 80 ہزار 997 نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔

مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے اس فتح کو مرحوم پرویز ملک کے نام کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج الیکشن میں کامیابی پر عاجزی کے ساتھ خدا کا شکر ادا کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: ضمنی انتخاب کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد

انہوں نے غیرمتزلزل اعتماد پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ فتح اپنے دوستوں اور مرحوم بھائی پرویز ملک کے نام کرتے ہیں جو ایک بہترین انسان، عوامی خدمت گار اور نواز شریف کے عظیم ساتھی تھے۔

مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی الیکشن میں کامیابی پر ٹوئٹر پر 'ایک واری فیر شیر' کی پوسٹ شیئر کی۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ میں کارکنان اور انتخاب جیتنے والی امیدوار شائستہ پرویز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہر ضمنی الیکشن میں ثابت کیا ہے کہ وہ مقبول ترین جماعت ہے، عوام اب باتوں، دعوؤں اور نعروں کے فریب میں آنے والے نہیں اور اپنے گمبھیر مسائل کے حل کے لیے مسلم لیگ(ن) کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: این اے-133 ضمنی انتخاب: مبینہ ویڈیو، 'ووٹ خریدنے والوں' کی گرفتاری کا حکم

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی مذکورہ نشست شائشتہ ملک کے شوہر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کے انتقال کے سبب خالی ہوئی تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 18 اکتوبر کو این اے-133 میں ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کیا تھا جس میں پولنگ کی تاریخ 5 دسمبر مقرر کی گئی تھی۔

اس ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کا کوئی بھی امیدوار شریک نہیں تھا کیونکہ تحریک انصاف کے جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے تھے۔

ضمنی انتخاب سے ایک ہفتہ قبل اس وقت تنازع کھڑا ہو گیا تھا جب حلقے میں ووٹوں کی مبینہ خریداری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرس ہوئی تھی اور جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما ایک دوسرے پر حلقے میں ووٹ خریدنے کے الزامات عائد کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب میں غیر منصفانہ رویے کا الزام مسترد کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو حلقہ این اے-133 کے ضمنی انتخاب کی مہم کے دوران ووٹ خریدنے کی ویڈیو کی فرانزک کر کے ملوٹ افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

انجنیئر حا مد شفیق Dec 06, 2021 06:07am
It’s democracy only 20% people cast their votes ? Rest 80% sleeping at their homes and rejected the so called democracy in the country

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024