ریڈمی کا نیا مڈرینج 5 جی فون نوٹ 11 ٹی
شیاؤمی کے ذیلی برانڈ ریڈمی نے اپنا ایک نیا مڈرینج اسمارٹ فون نوٹ 11 ٹی 5 جی متعارف کرا دیا ہے۔
یہ گزشتہ سال کے ریڈمی نوٹ 10 ٹی 5 جی کی جگہ لے گا اور کافی حد تک نوٹ 11 سے ملتا جلتا ہے۔
اس نئے فون میں 6.6 انچ کا آئی پی ایس ایل سی ڈی ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔
فون کی اسکرین میں 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں چھپا ہوا ہے۔
فون کے اندر میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 510 پراسیسر موجود ہے جبکہ 6 سے 8 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے۔
کمپنی کے مطابق ورچوئل ریم فیچر کے ذریعے اضافی 3 جی بی ریم سپورٹ ڈیوائس کو فراہم کی جائے گی۔
ریڈمی نوٹ 11 ٹی میں 5000 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے جبکہ یو ایس بی سی کے ذریعے 33 واٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔
ہیڈفون جیک، اسٹیریو اسپیکرز اور سائیڈ میں فنگرپرنٹ اسکینر دیگر نمایاں فیچرز ہیں۔
ریڈمی نوٹ 11 ٹی میں ڈوئل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے۔
اس سیٹ اپ کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا دیا گیا ہے۔
اس فون کو سب سے پہلے بھارت میں 7 دسمبر سے فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کا 6 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 226 ڈالرز (39 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔
6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 240 ڈالرز (42 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 266 ڈالرز (46 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے دیگر ممالک میں اس نئے فون کی دستیابی کے بارے میں ابھی کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔