• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پہلا ٹیسٹ: بنگلہ دیش کے خلاف حسن علی کی 5 وکٹیں، پاکستان نے 145 رنز بنا لیے

شائع November 27, 2021
حسن علی نے دوسرے دن عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا — فوٹو: اے ایف پی
حسن علی نے دوسرے دن عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں حسن علی کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت 330 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد دوسرے روز کےاختتام پر بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنا لیے۔

چٹاگانگ میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز بنگلہ دیش نے4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو شروع میں ہی سنچری بنانے والے لٹن داس 114 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

لٹن داس کے ساتھ 206 رنز کی شاندار شراکت قائم کرنے والے مشفیق الرحیم سنچری بنانے میں ناکام رہے اور 91 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے۔

بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز نے کچھ دیر مزاحمت کی لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 330 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: پہلے ٹیسٹ میں مشفیق اور لٹن کی عمدہ شراکت، بنگلہ دیش کے 4وکٹوں پر 253 رنز

مہدی حسن 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ یاسر علی 4، تیج الاسلام 11، ابو جید 8 اور عبادت حسین صفر رنز پر آؤٹ ہوئے۔

حسن علی نے دوسرے دن عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور پہلی اننگز میں مجموعی طور پر 51 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ان کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے 2، 2 جبکہ ساجد خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 330 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد اپنی اننگز کا آغاز کیا تو دونوں اوپنرز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور طویل شراکت قائم کی۔

اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عبداللہ شفیق نے تجربہ کار عابد علی کا بھرپور ساتھ دیا اور نصف سنچری مکمل کی۔

عابد علی نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور بنگلہ دیش کے خلاف اپنی نصف سنچری بنائی۔

پاکستان نے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو بغیر کسی نقصان کے 145 رنز بنا لیے تھے۔

عابد علی 180 گیندوں پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 93 اور عبداللہ شفیق 162 گیندوں پر 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر وکٹ پر مووجد ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ابتدائی 4 وکٹیں گرنے کے بعد مشفیق الرحیم اور لٹن داس کی ڈبل سنچری شراکت کی بدولت میزبان بنگلہ دیش نے میچ میں شان دار انداز میں واپسی کی تھی۔

میچ میں پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور بنگلہ دیش کے یاسر علی ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024