• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

سڑکوں کو کترینہ کیف کے ’گال‘ کی طرح ہموار بننا چاہیے: بھارتی وزیر کی خواہش

شائع November 25, 2021
راجندر سنگھ راجستھان کے وزیر ہیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
راجندر سنگھ راجستھان کے وزیر ہیں—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

پڑوسی ملک بھارت کی ریاست راجستھان کے وزیر کی خواہش ہے کہ ان کے انتخابی حلقے کی تمام سڑکیں بولی وڈ اداکارہ کترینہ کیف کے ’گال‘ کی طرح ہموار اور ملائم بنائی جائیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) کے مطابق ریاست راجستھان کے وزیر راجندر سنگھ گودھا نے ضلع جھنجھنو میں جلسے سے خطاب کرنے کے دوران کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کے حلقے کی سڑکیں کترینہ کیف کے ’گال‘ کی طرح بننی چاہئیں۔

اسی حوالے سے ’انڈیا ٹوڈے‘ نے بتایا کہ راجندر سنگھ حال ہی میں ریاستی وزیر بنے ہیں اور انہوں نے قلمدان سنبھالنے کے بعد پہلے جلسے سے خطاب کیا تو لوگوں نے ان سے سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کیا۔

حلقے کے لوگوں نے وزیر سے مطالبہ کیا کہ علاقے کی سڑکوں کی دوبارہ تعمیر کروائی جائے، جس پر وزیر نے کہا کہ ان کے حلقے میں کترینہ کیف کے ’گال‘ کی طرح سڑکیں بنائی جائیں گی۔

ریاستی وزیر نے لوگوں کی فرمائش کے بعد کہا کہ وہ تعمیراتی کام کرنے والے عہدیداروں کو ہدایات دیں گے کہ سڑکوں کو کترینہ کیف کے ’گال‘ کی طرح تعمیر کیا جائے۔

ریاستی وزیر کے بیان کے بعد پنڈال میں بیٹھے لوگ ہنس پڑے اور راجندر سنگھ کی مذکورہ ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ریاستی وزیر کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کئی بھارتی لوگوں نے ان کے بیان کو نامناسب قرار دیا۔

’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق بھارت بھر کے لوگوں نے ریاستی وزیر کے بیان کو خواتین کی تضحیک قرار دیتےہوئے اسے نامناسب قرار دیا۔

علاوہ ازیں متعدد لوگوں نے ان کےبیان کو اداکارہ کے ساتھ ناروا سلوک کہا اور ساتھ ہی کہا کہ ان سے قبل بھی بھارتی وزرا اداکاراؤں کے ’گالوں‘ کے حوالے سے ایسے نامناسب کمنٹس دیتے رہے ہیں۔

راجندر سنگھ گودا سے قبل 2005 میں بھارتی سیاستدان لالو پرساد یادیو نے بھی لوگوں کے مطالبے کے بعد کہا تھا کہ ان کےعلاقے کی سڑکیں اداکارہ ہیما مالنی کے ’گال‘ کی طرح ہموار بنائی جائیں گی۔

اسی طرح 2019 میں بھی مدھیا پردیش کے وزیر پی سی شرما نے بھی اپنے حلقے کے لوگوں کے مطالبے پر انہیں بتایا تھا کہ جلد ہی ان کے علاقوں کی سڑکیں ہیما مالنی کے ’گال‘ کی طرح سُندر بنائی جائیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024