کراچی چڑیا گھر کے بھوک سے نڈھال ’شیر‘ کی ویڈیو پر اہم شخصیات برہم
کراچی کے چڑیا گھر کے بھوک سے نڈھال ’شیر‘ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اہم شخصیات نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ اور شہری حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔
بھوک سے نڈھال کراچی چڑیا گھر کے ’شیر‘ کی ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں شیر کو تکلیف دہ حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔
مذکورہ ویڈیو کو متعدد نیوز چینلز اور ویب سائٹس نے نشر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کراچی چڑیا گھر کے جانوروں کے لیے خوراک مہیا کرنے والے ٹھیکیدار نے پیسے نہ ملنے پر جانوروں کی غذا بند کردی۔
رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ جانوروں کی خوراک کی فراہمی معطل ہونے سے ’شیر‘ سمیت دیگر جانور نڈھال ہوگئے، جب کہ وائرل ہونے والی ویڈیو میں شیر کو انتہائی تکلیف دہ حالت میں سوتا ہوا دیکھا جا سکتا تھا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جہاں عام لوگوں نے چڑیا گھر انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا، وہیں کئی شخصیات نے شہری حکومت پر بھی تنقید کی۔
متعدد شوبز، سیاسی و سماجی شخصیات نے بھوک سے نڈھال ’شیر‘ کی ویڈیو کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے شہری و صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور جانوروں کی خوراک کی بندش کو باعث شرم قرار دیا۔
سیاستدان و لکھاری فاطمہ بھٹو نے بھی بھوک کے شکار شیر کی ویڈیو پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور مقامی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔
انہوں نے شیر کی وائرل ویڈیو کا اسکرین شاٹ انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ جانوروں کی خوراک فراہم کرنے والے ٹھیکدار کون ہیں؟
انہوں نے سوال کیا کہ کیا شہری حکومت کو اس معاملے پر شرمساری نہیں ہو رہی؟ اور یہ کہ چڑیا گھر کے فنڈز کہاں خرچ کیے جا رہے ہیں؟
ان کی طرح اداکار و میزبان احسن خان نے بھی شیر کی وائرل ویڈیو پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جانوروں کو خوراک فراہم نہ کرنے کے عمل کو شرمناک قرار دیا۔
سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ سماجی رہنما شنیرا اکرم نے بھی مذکورہ ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے بھوک سے نڈھال شیر کی حالت پر افسوس کا اظہار کیا۔
شنیرا اکرم نے چڑیا گھر انتظامیہ اور مقامی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور جانوروں کو غذا فراہم نہ کرنے کے عمل کو شرمناک قرار دیا۔
ان کی طرح اداکارہ انوشے اشرف، اریبہ حبیب اور احمد علی بٹ سمیت دیگر شخصیات نے بھی شیر سمیت دیگر جانوروں کو خوراک فراہم نہ کیے جانے کے عمل پر افسوس کا اظہار کیا۔
تاہم دوسری جانب کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے نام سے بنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کی گئی ٹوئٹ میں بھوک سے نڈھال شیر کی ویڈیو کو جعلی قرار دیا گیا۔
کے ایم سی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ جانوروں کی خوراک سے متعلق چلائی گئی ویڈیوز اور تصاویر حقائق کی منافی ہیں۔
ساتھ ہی ٹوئٹر پر ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی، جس میں جانوروں کے لیے رکھے ہوئے اناج اور خوراک کو بھی دکھایا گیا۔