• KHI: Maghrib 5:53pm Isha 7:15pm
  • LHR: Maghrib 5:09pm Isha 6:36pm
  • ISB: Maghrib 5:09pm Isha 6:38pm
  • KHI: Maghrib 5:53pm Isha 7:15pm
  • LHR: Maghrib 5:09pm Isha 6:36pm
  • ISB: Maghrib 5:09pm Isha 6:38pm

بابر اعظم ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کی بہترین ٹیم کے کپتان مقرر

شائع November 15, 2021
آئی سی سی کی بہترین ٹیم کی قیادت بابراعظم کے سپرد کی گئی ہے— فوٹو: اے ایف پی
آئی سی سی کی بہترین ٹیم کی قیادت بابراعظم کے سپرد کی گئی ہے— فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈ کپ کی بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس کی قیادت قومی ٹیم کے قائد بابر اعظم کے سپرد کی گئی ہے جبکہ اس ٹیم میں کوئی بھارتی کھلاڑی جگہ نہیں بنا سکا۔

اتوار کو کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹی20 چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

آئی سی سی نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 303 رنز بنانے والے بابر اعظم کی جگہ آسٹریلین اوپنر ڈیوڈ وارنر کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا جنہوں نے 289 رنز بنائے۔

تاہم ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ نہ جیتنے کے باوجود بابر اعظم ایک اور منفرد اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

ایونٹ کے اختتام پر آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم کا اعلان کیا ہے اور قومی ٹیم کے کپتان ناصرف اس ٹیم کا حصہ ہیں بلکہ اس ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔

ایونٹ کے تیسرے کامیاب ترین بلے باز محمد رضوان حیران کن طور پر مذکورہ ٹیم میں شامل نہیں ہیں جنہوں نے 281 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں: تمیم اقبال انگوٹھے کی انجری کے باعث پاکستان کےخلاف ٹیسٹ سیریز سے آؤٹ

آئی سی سی کی اس ٹیم کے 11 کھلاڑیوں میں کوئی اور پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ہے اور شاہین شاہ آفریدی کو 12ویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

اس ٹیم میں اوپننگ کی ذمے داریاں ڈیوڈ وارنر کے ساتھ انگلینڈ کے جوز بٹلر کو دی گئی ہیں جنہوں نے ایونٹ میں 269 رنز بنائے۔

تیسرے نمبر پر ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور چوتھے نمبر پر سری لنکا کے نوجوان چارتھ اسالانکا کو رکھا گیا جنہوں نے 231 رنز بنائے۔

جنوبی افریقی بلے باز ایڈن مرکرم کو بھی اسکواڈ میں پانچویں نمبر پر رکھا گیا ہے اور ان کی ٹیم میں شمولیت کافی حیران کن ہے کیونکہ ان کی نسبت اس ٹیم میں شمولیت کے لیے سری لنکا کے راجا پکسے اور افغانستان کے کپتان محمد نبی جیسے بہتر آپشن بھی موجود تھے۔

انگلش آل راؤنڈر معین علی کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں ونندو ہسارنگا اور ایڈم زامپا بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ میں کھیلے جانے والے فائنلز پر ایک نظر

فاسٹ باؤلرز کے طور پر ٹرینٹ بولٹ اور جوز ہیزل وُڈ کو ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی 12ویں کھلاڑی ہیں۔

گزشتہ کئی ایونٹس کے برعکس اس مرتبہ کوئی بھی بھارتی یا ویسٹ انڈین کھلاڑی بہترین کھلاڑیوں کی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکا۔

کارٹون

کارٹون : 30 دسمبر 2024
کارٹون : 29 دسمبر 2024