• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

این سی او سی نے 12 سے 18 سال کے بچوں کیلئے چینی ویکسینز کی منظوری دے دی

شائع November 12, 2021
گلگت بلتستان میں 68 فیصد طلبہ ویکسین کی ایک خوراک لگوا چکے ہیں — فائل فوٹو: رائٹرز
گلگت بلتستان میں 68 فیصد طلبہ ویکسین کی ایک خوراک لگوا چکے ہیں — فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں 55 لاکھ بچوں کو امریکی ویکسین فائزر لگانے کے بعد 12 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو چینی ویکسین لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ اعلان نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے سوشل میڈیا پر کیا گیا۔

این سی او سی نے ٹوئٹ کیا کہ ’این سی او سی کے ماہرین صحت کی کمیٹی نے 12 سے 18 سال کی عمر تک کے بچوں کے لیے سائنوفارم اور سائنوویک کی منظوری دے دی ہے جو 15 نومبر سے لگائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ’12 سال سے زائد عمر بچوں کے لیے فائزر کے ساتھ اب چینی ویکسینز بھی دستیاب ہوں گی‘۔

مزید پڑھیں: فائزر ویکسین 5 سے 11 سال کے بچوں کو کووڈ سے بچانے کیلئے 91 فیصد تک مؤثر

این سی او سی کے سربراہ و وفاقی وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات اسد عمر کا کہنا تھا کہ تقریباً 50 فیصد طلبہ کو فائزر ویکسین کی ایک خوراک لگائی جاچکی ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’الحمداللہ 12 سے 18 سال کے عمر کے طلبہ کی تقریباً نصف تعداد کو ویکسین ایک خوراک لگائی جاچکی ہے، اب تک ویکسین لگوانے والے طلبہ کی مجموعی تعداد 55 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے‘۔

اسد عمر کے مطابق گلگت بلتستان ویکسین لگوانے والے 68 فیصد طلبہ کے ساتھ پہلے جبکہ پنجاب 62 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

این سی او سی کے جاری کردہ بیان کے مطابق صبح کے سیشن کے دوران فورم نے ملک گیر ویکسی نیشن مہم کا جائزہ لیا۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ 9 نومبر کو 17 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی گئی، یہ ایک دن میں ویکسین لگانے کی سب سے زیادہ تعداد تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 12 سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کا فیصلہ

فورم نے ملک کے 50 فیصد افراد کو ویکسین لگانے کے سنگ میل کو عبور کرنے پر اقدامات کی حوصلہ افزائی کی۔

ملک میں اب تک 50 فیصد اہل افراد ویکسین کی ایک خوراک لے چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا دوسرا صوبہ ہے جہاں تقریباً 50 فیصد اہل افراد کو ویکسین کی ایک خوراک لگائی جاچکی ہے۔

این سی او سی کی جانب سے بڑے پیمانے پر جاری ویکسین مہم کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی، جس میں خاص طور پر گلی محلوں میں چلائی جانے والی مہمات شامل ہیں۔

انہوں نے ملک بھر میں ویکسی نیشن ٹیم کی جانب سے تیزی سے ویکسی نیشن کرنے پر ان کی تعریف کی۔

مزید پڑھیں: '31 اکتوبر سے جزوی ویکسین کے بغیر طلبا کو کلاس میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی'

فورم کو سرحدوں کے ذریعے پاکستان میں داخل ہونے والوں کے لیے کورونا وائرس سے متعلق اقدامات اور ویکسین کے میکانزم پر بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے اہل افراد کے لیے دوسری خوراک لگوانے کے انتظامات بڑھانے پر زور دیا تاکہ آبادی، قوت مدافعت میں اضافے سے طویل عرصے تک مستفید ہو سکے۔

علاوہ ازیں ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 9 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 637 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے 23 ہزار 270 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے ایک ہزار 197 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024