• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

شادی کے لیے نیک خواہشات پر زارا ترین اور فاران طاہر مداحوں کے مشکور

شائع November 12, 2021
دونوں 8 نومبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں 8 نومبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے—فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی نژاد ہولی وڈ امریکی اداکار فاران طاہر اور اداکارا زارا ترین نے شادی کے لیے نیک خواہشات کے اظہار پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وعدہ کیا ہے کہ اب وہ ہر مداح کو جواب دینے کی کوشش کریں گے۔

زارا ترین اور فاران طاہر 8 نومبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، دونوں کی شادی کی تقریبات 5 نومبر سے شروع ہوئی تھیں۔

شادی سے قبل دونوں نے اپنے رشتے سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا تھا اور اب شریک سفر بن جانے کے بعد دونوں نے سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے نیک خواہشات پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

زارا ترین نے شوہر کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے لیے ممکن نہیں کہ وہ ہر ایک کے میسیج کا جواب دیں اور ہر کسی سے فون پر بات کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ اداکار فاران طاہر و اداکارہ زارا ترین کی شادی کی تقاریب کا آغاز

اداکارہ نے لکھا کہ قریبی دوستوں، رشتے داروں اور مداحوں نے شادی کے موقع پر انہیں جو پیغامات بھجوائے، وہ اداکارہ سے ان کی غیر مشروط محبت کا اظہار ہے اور وہ ایسی محبت کرنے پر سب کو مشکور ہیں۔

زارا ترین نے شادی کی تقریبات میں شرکت کرنے والے رشتے داروں اور قریبی دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی ان کے لیے بھی محبت کا اظہار کیا جو مصروفیات کی وجہ سے ان کی شادی میں شرکت نہ کرسکے۔

اداکارہ نے لکھا کہ زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر وہ مداحوں، دوستوں اور رشتے داروں کے پیار ملنے پر بہت خوش ہیں اور اب وہ کوشش کریں گی کہ مداحوں کو میسیجز کے جوابات بھی دیں۔

ان کی طرح اداکار فاران طاہر نے بھی یہی پوسٹ اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی اور وہی تصویر بھی شیئر کی جو کہ ان کی اہلیہ نے شیئر کی۔

دونوں کی پوسٹس پر متعدد شوبز شخصیات اور مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں نئی زندگی شروع کرنے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

مزید پڑھیں: اداکارہ زارا ترین اور فاران طاہر رشتہ ازدواج میں بندھ گئے

فاران طاہر امریکی شہری ہیں، ان کی پیدائش بھی وہیں ہوئی تھی اور وہ اب تک کم از کم 25 ہولی وڈ فلموں میں مختصر اور معاون کرداروں سمیت مرکزی کردار ادا کر چکے ہیں۔

فاران طاہرنے 70 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی وژن پر اپنی والدہ یاسمین طاہر کے ہمراہ ایک مختصر کردار بھی ادا کیا تھا، اسے ان کی اداکاری کی ابتدا کہا جاسکتا ہے، ان کے بھائی علی طاہر بھی اداکار ہیں۔

علاہ ازیں وہ اب تک 70 کے قریب تھیٹر کے کھیلوں میں اپنے ہنر کو پیش کرچکے ہیں۔ 1989 میں فاران طاہر نے امریکی ٹیلی وژن سے فنی کیرئیر کی ابتدا کی اور ڈراما سیریز ’مڈ نائٹ کالر‘ میں کام کیا۔ اس کے بعد سے دورِ حاضر تک 180 ڈراما سیریز میں کام کرچکے ہیں۔

زارا ترین نے بھی متعدد پاکستانی ڈراموں میں کام کیا ہے، اداکاری سے قبل وہ ماڈلنگ میں جلوے بکھیر چکی ہیں، اداکارہ حرا ترین ان کی بہن ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024