• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

پاکستان کی ٹیم ہماری طرح متوازن نظر آتی ہے، آسٹریلین کوچ

شائع November 8, 2021
جسٹن لینگر نے انگلینڈ کے خلاف بدترین شکست کے باوجود سیمی فائنل میں رسائی پر اطمینان کا اظہار کیا — فوٹو: رائٹرز
جسٹن لینگر نے انگلینڈ کے خلاف بدترین شکست کے باوجود سیمی فائنل میں رسائی پر اطمینان کا اظہار کیا — فوٹو: رائٹرز

آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے پاکستان کے خلاف سیمی فائنل سے قبل گرین شرٹس کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری طرح پاکستان کی ٹیم بھی اچھی ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق سپر 12 راؤنڈ کے گروپ 2 میں پاکستان کی ٹیم پانچوں میچ جیت کر ناقابل شکست ہے جبکہ دوسری جانب گروپ ون سے کوالیفائی کرنے والی آسٹریلیا کی ٹیم کو صرف انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

پاکستان سے سیمی فائنل سے قبل گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلین کوچ نے کہا کہ ہماری نگاہیں پاکستان کے ساتھ مقابلے پر مرکوز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر ایک سپر اسٹار ہیں، پاکستان کے پاس کچھ اچھے فاسٹ باؤلرز اور اسپنرز بھی ہیں لہٰذا وہ ہماری طرح ایک متوازن ٹیم نظر آتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ ایک اچھا میچ ہو گا۔

جسٹن لینگر کا ماننا ہے کہ آسٹریلین ٹیم ایک مرتبہ پھر بہترین کارکردگی کی بدولت بہترین ٹیم کی حیثیت سے اپنی ساکھ بنا چکی ہے، کچھ عرصہ قبل تک ہم دنیا کی بہترین ٹیم تھے اور اب ایک مرتبہ پھر اس کارکردگی کی دوبارہ جھلک دکھا کر یہ ثابت کر چکے ہیں کہ ہم دنیا کی بہترین ٹیم بن سکتے ہیں۔

انہوں نے ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم کو فیورٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے ساتھ ساتھ ہمارے بھی ٹورنامنٹ جیتنے کے امکانات موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس ٹورنامنٹ سے اچھے سے سیکھ رہے ہیں کہ ہم ٹی20 کرکٹ کس طرح کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آگے بڑھ سکتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں فتح پر گفتگو کرتے ہوئے سابق آسٹریلین اوپنرز نے کہا کہ ہم نے گزشتہ میچ میں بہترین کھیل پیش کیا، انگلینڈ کے خلاف ہمارا میچ اچھا نہیں رہا تھا لیکن اس میچ کے بعد ہم جانتے تھے کہ ہمیں کچھ محنت کرنی ہے اور اس کے بعد لڑکوں نے اچھا کھیل پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیمی فائنل میں رسائی تک آپ ایونٹ نہیں جیت سکتے اور اب سیمی فائنل میں رسائی پر ہم انتہائی مسرور ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024