• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ٹی20 ورلڈ کپ: وارنر کی جارحانہ بیٹنگ، ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست

شائع November 6, 2021
میچ کے اختتام پر آسٹریلین اوپنر ویسٹ انڈیز کے کرس گیل سے گفتگو کررہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
میچ کے اختتام پر آسٹریلین اوپنر ویسٹ انڈیز کے کرس گیل سے گفتگو کررہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن کر لی ہیں۔

ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

اوپنرز ایون لوئس اور کرس گیل نے اپنی ٹیم کو 30 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن تیسرے اوور کی دوسری گیند پر گیل 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ویسٹ انڈین ٹیم ابھی اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ جوش ہیزل وُڈ نے ایک ہی اوور میں نکولس پوران اور روسٹن چیز کو چلتا کر کے ویسٹ انڈیز کو مشکلات سے دوچار کردیا۔

35 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد ایون لوئس کا ساتھ دینے کپتان شیمرون ہٹمائر آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 70تک پہنچا دیا، لوئس 29رنز بنانے کے بعد لوئس کی وکٹ بنے۔

شیمرون ہٹمائر نے 27 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ہیزل وُڈ نے انہیں آؤٹ کر کے اپنی تسری وکٹ حاصل کی اور پھر ڈیوین براوو کی بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں آخری اننگز کا خاتمہ کردیا، انہوں نے 21 گیندوں پر 10 رنز بنائے۔

دوسرے اینڈ سے کپتان کیرن پولارڈ نے ڈراپ کیچ کا فائدہ اٹھایا اور 31 گیندوں پر 44 رنزکی اننگز کھیل کر مچل اسٹارک کی وکٹ بنے۔

آندرے رسل نے اننگز کے آخری اوور دو چھکے لگا کر ویسٹ انڈیز کو معقول مجموعے تک رسائی دلائی جس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 157رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل وُڈ چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

آسٹریلیا نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ایرون فنچ کچھ بجھے بجھے نظر آئے لیکن دوسرے اینڈ سے ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ انداز اپنا کر اسکور کو 33 تک پہنچا دیا۔

کپتان ایرون فنچ 11 گیندوں پر 9 رنز بنانے کے بعد عقیل حسین کی وکٹ بن گئے۔

اس مرحلے پر وارنر کا ساتھ دینے مچل مارش آئے اور دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 124 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

مچل مارش 32 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد اپنا آخری میچ کھیلنے والے کرس گیل کی وکٹ بنے لیکن جب وہ آؤٹ ہوئے تو آسٹریلیا کو فتح کے لیے صرف ایک رن درکار تھا۔

آسٹریلیا نے باآسانی 22 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر کے چوتھی فتح اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں بھی روشن کر لی ہیں۔

ڈیوڈ وارنر نے فارم میں واپسی کا ثبوت دیتے ہوئے صرف 56 گیندوں پر 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 89رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024