پی ٹی وی کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر سے معذرت کرلی
پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) اسپورٹس کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے سابق کرکٹر شعیب اختر سے براہ راست پروگرام کے دوران بدتمیزی کیے جانے پر معافی مانگ لی۔
ڈاکٹر نعمان نیاز نے میزبان رئوف کلاسرا کو یوٹیوب پر دیے گئے انٹرویو میں شعیب اختر کو ’سپر اسٹار‘ قرار دیتے ہوئے ان سے غیر مشروط معافی مانگی اور اعتراف کیا کہ بطور میزبان براہ راست پروگرام کے دوران ہونے والی بدتمیزی کے واقعے کے وہی ذمہ دار ہیں۔
میزبان کے سوال پر ڈاکٹر نعمان نیاز نے اعتراف کیا کہ پروگرام کے دوران جو کچھ بھی ہوا، وہ نہیں ہونا چاہیے تھا اور یہ کہ انہیں میزبان ہونے کے ناتے معاملات کو سنبھالنا چاہیے تھا، انہیں ایسا رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ انہیں واقعے پر معافی مانگنے میں کوئی ججھک نہیں ہے اور نہ ہی ان میں غرور ہے، بلکہ پروگرام ختم ہونے کے فوری بعد ہی انہیں احساس ہوگیا تھا کہ جو کچھ ہوا، وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔
ان کے مطابق مذکورہ پروگرام سے قبل انہوں نے شعیب اختر کےہمراہ مل کر کئی دن تک تیاری کی اور جو لوگ یہ کہ رہے ہیں کہ سب کچھ مکمل منصوبہ بندی کے تحت ہوا، وہ غلط دعوے کر رہے ہیں۔
انہوں نے پورے واقعے پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے شعیب اختر سے معافی مانگی اور کہا کہ وہ براہ راست پروگرام میں کی گئی بدتمیزی کی سزا بھگت رہے ہیں اور مزید بھی بھگتنے کو تیار ہیں۔
پروگرام کے دوران انہوں نے شعیب اختر کے ساتھ اپنے تعلقات پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ دونوں پرانے دوست اور جاننے والے ہیں اور ان کے معاملات پہلے بھی کبھی خراب تو کبھی بہتر ہوتے رہے ہیں مگر ایسا کبھی نہیں ہوا، جیسا براہ راست پروگرام کے دوران ہوا۔
پروگرام کے دوران ڈاکٹر نعمان نیاز نے اس بات پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا کہ مذکورہ واقعے کے بعد ان کی ذاتی زندگی اور خاندان پر کیچڑ اچھالا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی وی کے لائیو شو میں اینکر کی شعیب اختر سے ’بدتمیزی‘
انہوں نے شکوہ کیا کہ شعیب اختر کے ساتھ کیے گئے پروگرام کے بعد لوگوں نے سوشل میڈیا پر ان کی بیٹی کی تصاویر شیئر کرکے ان کے خلاف مہم شروع کی۔
انہوں نے کامیڈین سہیل احمد کے رویے پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ بہت ہی شاندار اور سنییئر کامیڈین ہیں مگر انہوں نے جس طرح ان کی ذات پر حملہ کیا، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے یہ بھی شکوہ کیا کہ ماضی میں جب انہیں کینسر لاحق ہوا تھا تو لوگوں نے کہا کہ ڈاکٹر نعمان نیاز جھوٹ بول رہے ہیں اور ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے موذی مرض کا ڈراما رچا رہے ہیں۔
میں نے معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی: شعیب اختر
دوسری جانب شعیب اختر نے بھی حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں ڈاکٹر نعمان نیاز کے پروگرام میں ہونے والے واقعے پر بات کی اور بتایا کہ انہوں نے معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی بھرپور کوشش کی۔
شعیب اختر نے ٹوئٹ میں پروگرام کی کلپ شیئر کی جس میں وہ بتاتے دکھائی دیے کہ انہوں نے ڈاکٹر نعمان نیاز کے ساتھ بحث کے دوران معافی مانگ کر معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی بھی کوشش کی مگر ان کی کاوشیں ناکام گئیں۔
سابق کھلاڑی کا کہنا تھا کہ ان کی غلطی نہ ہونے کے باوجود ان کی جانب سے معافی مانگ کر معاملے کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کے باوجود میزبان نہیں مانے۔
شعیب اختر کے ساتھ کیا واقعہ رونما ہوا تھا؟
گزشتہ ماہ 26 اکتوبر کی شب کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ میچ کے دوران شعیب اختر پی ٹی وی اسپورٹس کے پروگرام ’گیم آن ہے‘ میں شریک ہوئے تھے۔
شو کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر سے ایک سوال کیا لیکن ان کے تجزیے کے دوران ہی اینکر نے تلخ رویہ اپناتے ہوئے انہیں شو چھوڑ کر جانے کو کہا تھا اور بعدازاں شعیب اختر شو چھوڑ کر چلے گئے تھے اور اس دوران میزبان نے پروگرام سے بریک لیا تھا۔
بریک سے واپس آنے کے بعد شعیب اختر نے میزبان سے کہا تھا کہ ’مسکرائیں، اور جو بھی ہوا، اس پر معذرت کریں جس کے جواب میں نعمان نیاز نے کہا کہ ٹھیک ہے آپ جاری رکھیں'۔
نعمان نیاز کے اس جواب پر شعیب اختر نے ’معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں پی ٹی وی سے مستعفی ہورہا ہوں جس طرح نیشنل ٹی وی پر رویہ اپنایا گیا مجھے نہیں لگتا کہ مجھے اس وقت یہاں بیٹھنا چاہیے‘۔
مزید پڑھیں: اینکر کی شعیب اختر سے ’بدتمیزی‘، پی ٹی وی انتظامیہ نے نوٹس لے لیا
بعدازاں شعیب اختر نے ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ ڈاکٹر نعمان نیاز کا رویہ ناقابل برداشت تھا، مجھے لائیو شو میں چلے جانے کو کہہ دیا گیا۔
مذکورہ معاملے کے بعد ڈاکٹر نعمان نیاز پر کافی تنقید کی گئی تھی اور بعد ازاں شعیب اختر نے پی ٹی وی سے استعفیٰ دینے کا اعلان بھی کیا۔
معاملہ بڑھ جانے پر پی ٹی وی انتظامیہ نے معاملے کی تفتیش کا اعلان کیاتھا مگر شعیب اختر نے تفتیشی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کردیا تھا۔
بعد ازاں پی ٹی وی نے اعلان کیا تھا کہ جب تک براہ راست پروگرام کے دوران بدتمیزی والے معاملے کی تفتیش نہیں ہوجاتی تب تک ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر آف ایئر ہی رہں گے، جس پر سابق کرکٹر نے ٹوئٹ کی تھی کہ انہوں نے تو استعفیٰ دیا ہے، سرکاری ٹی وی والے کون ہوتے ہیں، انہیں آف ایئر کرنے والے؟
تبصرے (1) بند ہیں