• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ٹی 20 کی عالمی درجہ بندی میں بابر اعظم نمبر ون بلے باز قرار

شائع November 3, 2021
پاکستان بھی آئی سی سی مینز ٹی 20 ٹیمز رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے—فوٹو: پی سی بی
پاکستان بھی آئی سی سی مینز ٹی 20 ٹیمز رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے—فوٹو: پی سی بی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور نمیبیا کے درمیان میچ کے بعد کھلاڑیوں کی تازہ درجہ بندی جاری کردی ہے، جس میں پاکستان کے بابر اعظم نمبر ون بلے باز قرار دیے گئے ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق بابر اعظم 834 پوائنٹس حاصل کرکے ٹی 20 کی عالمی رینکنگ کے سرفہرست کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ پاکستان کے وکٹ کیپر محمد رضوان نے 731 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کر لی۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ، بابراعظم کی چھٹی پوزیشن

اس فہرست میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان 798 ریٹنگ پوائٹس کے ساتھ دوسرے، آسٹریلیا کے ایرون فنچ 733 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی 714 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

ٹی 20 باؤلنگ رینکنگ میں عماد وسیم 10 درجے بہتری کے ساتھ 26 ویں اور حسن علی 4 درجے بہتری کے ساتھ 63 ویں نمبر پر آ گئے۔

شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی کے ساتھ 13 ویں اور حارث رؤف تین درجے تنزلی کے ساتھ 20ویں نمبر پر اپنی جگہ بنا سکے۔

آل راؤنڈرز کی کیٹیگری میں پاکستان کے محمد حفیظ 17ویں نمبر پر ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان بھی آئی سی سی مینز ٹی 20 ٹیموں کی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کے بعد دبئی اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف 5 وکٹوں سے کامیابی کی بدولت پاکستان نے عالمی رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بابر اور رضوان کی جوڑی نے نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا

اس حوالے سے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹی 20 رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرنا ان کے لیے حوصلہ افزا بات ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ’تاہم انہیں زیادہ خوشی پاکستان کرکٹ ٹیم کی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے اور ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے پر ہوئی ہے‘۔

بابر اعظم نے کہا کہ کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے اور اس ٹیم میں شامل ہر کھلاڑی ٹیم کی فتوحات میں اپنا بھرپور حصہ ڈال رہا ہے۔

انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ہم اس ایونٹ میں جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

مزید پڑھیں: انگلینڈ کا ایک قدم سیمی فائنل اور دوسرا فائنل میں؟

خیال رہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان نے گزشتہ روز نمیبیا کے خلاف میچ میں عمدہ بیٹنگ سے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔

ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بابر اعظم اور رضوان نے نصف سنچریاں بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو 113 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

اس فتح کے ساتھ ساتھ بابر اور اور رضوان کی جوڑی نے نیا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا اور یہ ٹی20 کرکٹ میں ایک سال میں ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والی پہلی جوڑی بن گئی ہے۔

بابر نے 2019 میں ایک ہزار 607 اور کوہلی نے 2016 میں ایک ہزار 614 رنز بنائے تھے لیکن رضوان، نمیبیا کے خلاف 79 رنز کی اننگز کی بدولت ان دونوں کا ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔

رضوان اب تک اس سال ایک ہزار 661 رنز بنا چکے ہیں اور انہیں کرس گیل کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید صرف 5 رنز درکار ہیں جنہوں نے 2015 میں ایک ہزار 665 رنز اسکور کیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024