بابر اور رضوان کی جوڑی نے نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا
بابر اعظم اور محمد رضوان نے نمیبیا کے خلاف میچ میں عمدہ بیٹنگ سے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرانے کے ساتھ ساتھ نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کردیا۔
ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بابر اعظم اور رضوان نے نصف سنچریاں بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو 113 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: نمیبیا کو شکست دے کر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے لیکن جواب میں نمیبیا کی ٹیم 144 رنز بنا سکی اور پاکستان نے 45 رنز سے فتح حاصل کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
اس فتح کے ساتھ ساتھ بابر اور اور رضوان کی جوڑی نے نیا عالمی ریکارڈ بھی بنا دیا اور یہ ٹی20 کرکٹ میں ایک سال میں ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والی پہلی جوڑی بن گئی ہے۔
دونوں نے اس سال 17 اننگز ایک ساتھ شروع کیں اور اب تک 65 سے زائد کی اوسط سے ایک ہزار 41 رنز جوڑ چکے ہیں جس میں پانچ سنچری شراکتیں بھی شامل ہیں جس میں 197 رنز کی شراکت بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش اور سری لنکا سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر
اس سے قبل ٹی20 کرکٹ میں ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی اوپننگ جوڑی آئرلینڈ کے کیون اوبرائن اور پال اسٹرلنگ کی تھی جنہوں نے 2019 میں 20 اننگز میں 756 رنز بنائے تھے۔
اس اننگز کے دوران رضوان نے بھی کئی سنگ میل عبور کر لیے۔
محمد رضوان پہلے ہی بھارت کے خلاف میچ میں شاندار اننگز کی بدولت ٹی20 کرکٹ میں ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن چکے ہیں اور اب تک اس سال 951 انٹرنیشنل رنز بنا چکے ہیں جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔
تاہم اب ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ سمیت ٹی20 کرکٹ میں ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بابر اعظم اور ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں اور عالمی ریکارڈ کے حامل کرس گیل سے محض چند رنز دور ہیں۔
مزید پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف میچ میں سری لنکن ٹیم سے کہاں چُونک ہوئی
بابر نے 2019 میں ایک ہزار 607 اور کوہلی نے 2016 میں ایک ہزار 614 رنز بنائے تھے لیکن رضوان، نمیبیا کے خلاف 79 رنز کی اننگز کی بدولت ان دونوں کا ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔
رضوان اب تک اس سال ایک ہزار 661 رنز بنا چکے ہیں اور انہیں کرس گیل کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید صرف 5 رنز درکار ہیں جنہوں نے 2015 میں ایک ہزار 665 رنز اسکور کیے تھے۔