ٹی20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش اور سری لنکا سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر
ٹی20 ورلڈ کپ 2021 میں سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہیں۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے گروپ اے کے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم چار میچوں میں چار فتوحات کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہے۔
مزید پڑھیں: سیمی فائنل کی ٹکٹ ’پکی‘ کرنے کا پاکستان کے پاس سنہری موقع
بنگلہ دیش کی ٹیم اب تک اپنے چاروں میچ ہار چکی ہے اور سری لنکا بھی چار میچوں میں سے تین میچ ہار کر اب اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکتی۔
دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم چار میچوں میں تین فتوحات کے ساتھ سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن کر چکی ہے تاہم سیمی فائنل تک رسائی کے لیے ان کا آسٹریلیا سے کڑا مقابلہ ہے۔
جنوبی افریقہ نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں 33 گیندیں قبل ہدف حاصل کر کے اپنے رن ریٹ کو بہتر بنا لیا ہے لیکن اس کے باوجود انہیں ناصرف اگلے میچ میں کامیابی درکار ہوگی بلکہ ساتھ ساتھ آسٹریلیا کے میچوں کے نتائج کا انتظار بھی کرنا ہو گا۔
جنوبی افریقہ کا اگلا میچ انگلینڈ کے خلاف ہے جو اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے لہٰذا ان کے لیے فتح آسان نہیں ہو گی۔
آسٹریلیا نے اب تک تین میں سے دو میچوں میں فتح حاصل کی ہے اور انگلینڈ کے خلاف بدترین شکست کے سبب ان کے رن ریٹ پر فرق پڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کا ایک قدم سیمی فائنل اور دوسرا فائنل میں؟
اب آسٹریلیا کو اپنے اگلے میچز بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز سے کھیلنے ہیں۔
اگر انگلینڈ کی ٹیم جنوبی افریقہ کو شکست دیتی ہے اور آسٹریلیا کی ٹیم اپنا ایک میچ ہار جاتی ہے تو دونوں ٹیموں کے پوائنٹس 6 ہوجائیں گے اور ایسی صورت میں بہتر رن ریٹ کی حامل ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنائے گی۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی بھی سیمی فائنل میں رسائی کا امکان موجود ہے جنہیں اپنے میچز سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف کھیلنے ہیں لیکن انہیں سیمی فائنل تک رسائی کے لیے دونوں میچز جیتنے کے ساتھ ساتھ رن ریٹ بھی بہتر کرنا ہے۔