• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ٹی20 ورلڈ کپ: ڈی سلوا کی ہیٹ ٹرک رائیگاں، سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کامیاب

شائع October 30, 2021
جنوبی افریقی کرکٹرز وکٹ لینے پر اینرچ نوکیا کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقی کرکٹرز وکٹ لینے پر اینرچ نوکیا کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ میں کھیلے جا رہے سپر12 راؤنڈ کے گروپ 1 کے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے کوشل پریرا اور پاتھُم نسانکا نے اننگز کا آغاز کیا لیکن بڑی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے۔

پریرا 20 کے مجموعی اسکور پر 7 رنز بنا کر نوکیا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

چارتھ اسالانکا نے نسانکا کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھاتے ہوئے 61 رنز تک پہنچایا، اس موقع پر اسالانکا 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

اگلے ہی اوور میں بھنوکا راجا پکسے نے بھی پویلین کی راہ لے لی، وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

اسکور ابھی 77 تک ہی پہنچا تھا کہ راجاپکسے کی طرح آوشکا فرنینڈو بھی عالمی نمبر ایک باؤلر تبریز شمسی کو انہی کی گیند پر کیچ دے کر چلتے بنے جبکہ وننندو ہسارنگا ڈی سلوا آؤٹ ہوئے تو سری لنکا کی ٹیم 91 رنز پر آدھی ٹیم سے محروم ہوچکی تھی۔

پتھم نسانکا نے دوسرے اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 110 کے مجموعے پر کپتان داسن شناکا کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی جنہوں نے صرف 11 رنز بنائے۔

اس موقع پر نسانکا نے تیزی سے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور اور اسکور کو 131 تک پہنچا دیا لیکن 19ویں اوور میں ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 72 رنز بنانے کے بعد ڈیوین پریٹوریس کو وکٹ دے بیٹھے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 20 اوورز میں 142 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی اور ڈیوین پریٹوریس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ نوکیا نے دو وکٹیں لیں۔

جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو 25 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن پھر دونوں ہی اوپنرز ایک ہی اوور میں دشمانتھا چمیرا کی وکٹ بن گئے۔

26 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد وین ڈر ڈوسن کا ساتھ دینے کپتان ٹیمبا باووما آئے اور دونوں نے اسکور کو 49 تک پہنچا دیا لیکن وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں ڈوسن کی 16 رنز کی اننگز رن آؤٹ کی شکل میں اختتام کو پہنچی۔

ایڈن مرکرم نے کپتان باووما کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 47 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 96 کے مجموعے پر ہسارنگا ڈی سلوا نے مرکرم کو آؤٹ کر کے پویلین رخصت کردیا۔

ڈی سلوا نے اپنے اگلے اوور میں اپنی ٹیم کو لگاتار دو وکٹیں حاصل کر کے ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا، ڈی سلوا کا نشانہ بننے سے قبل جنوبی افریقہ کپتان باووما نے 46 رنز بنائے۔

اس مرحلے پر جنوبی افریقہ کو فتح کے لیے 2 اوورز میں 25 رنز درکار تھے اور سری لنکا میچ میں پلڑا بھاری نظر آتا تھا لیکن ڈیوڈ ملر اور ربادا نے اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

میچ کے 19ویں اوور میں جنوبی افریقہ نے ربادا کے چھکے کی بدولت 10 رنز بنائے لیکن اس کے باوجود انہیں آخری اوور میں فتح کے لیے 15 رنز درکار تھے۔

تاہم ڈیوڈ ملر نے آخری اوور میں لہیرو کمارا کو دو چھکے لگا کر ہدف تک رسائی آسان بنا دیا اور پھر ربادا نے چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو ایک گیند قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے ٹورنامنٹ میں دوسری فتح اپنے نام کر لی۔

سری لنکا کی جانب سے ہسارنگا نے 3 اور چمیرا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کے اسپنر تبریز شمسی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھں:

جنوبی افریقہ: ٹیمبا باووما (کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، ایڈن مرکرم، راسی وین ڈر ڈوسن، ڈیوڈ ملر، ڈیوین پریٹوریس، کگیسو ربادا، کیشپ مہاراج، اینرچ نوکیا اور تبریز شمسی

سری لنکا: داسن شناکا (کپتان)، پاتھُم نسانکا، کوشل پریرا، چارتھ اسالانکا، آوشکا فرنینڈو، بھنوکا راجا پکسے، چمیکا کورونارتنے، ونندو ہسارنگا، دشمانتھا چمیرا، مہیش تھکشانا اور لہیرو کمارا

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024