• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ٹی20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز سے شکست

شائع October 29, 2021
بنگلہ دیش کے سومیا سرکار سرکار آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ رہے ہیں— فوٹو: اے پی
بنگلہ دیش کے سومیا سرکار سرکار آؤٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ رہے ہیں— فوٹو: اے پی
ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے پی
ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے پی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 3 رنز سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

ویسٹ انڈیز کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کر سکے اور دونوں بلے باز کرس گیل اور ایون لوئس بالترتیب 12 اور 18 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

کرس گیل کو 4 کے انفرادی اسکور پر مہدی حسن نے بولڈ کیا جبکہ ایون لوئس مستفیض الرحمٰن کا شکار بنے۔

اس موقع پر شیمرون ہٹمائر اور روسٹن چیز نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن 32 کے مجموعی اسکور پر ہٹمائر کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 9 رنز بنا کر مہدی حسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

32 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد روسٹن چیز کا ساتھ دینے کپتان کیرن پولارڈ آئے اور دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 30 رنز جوڑے لیکن اس مرحلے پر انجری کے باعث پولارڈ ریٹائر ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

نئے بلے باز آندرے رسل کوئی گیند کھیلے بغیر ہی بدقسمتی سے رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد نکولس پوران کی وکٹ پر آمد ہوئی۔

پوران اور روسٹن چیز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 57 رنز کی شراکت قائم کی، پوران نے جارحانہ انداز اپنایا اور 22 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔

اگلی ہی گیند پر شریف الاسلام نے روسٹن چیز کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا جنہوں نے 39 رنز بنانے کے لیے 46 گیندوں کا سہارا لیا۔

آخری اوور میں بنے 19 رنز کی بدولت ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن، مستفیض الرحمٰن اور شریف الاسلام نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو 20 کے مجموعی اسکور پر مڈوکٹ پر کھڑے ہیڈن واش بنگلہ دیشی بلے باز محمد نعیم کا آسان کیچ نہ لے سکے لیکن اگلی ہی گیند پر آندرے رسل نے تجربہ کار شکیب الحسن کو چلتا کردیا۔

ابھی بنگلہ دیشی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں جیسن ہولڈر نے محمد نعیم کی وکٹیں بکھیر دیں جو 17 رنز بنا سکے۔

اس کے بعد لٹن داس کا ساتھ دینے سومیا سرکار آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 55 تک پہنچا دیا، ویسٹ انڈیز کو لٹن داس کو رن آؤٹ کرنے کا موقع ملا لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

اسکور 60 تک پہنچا تو سومیا سرکار صرف 17 رنز بنانے کے بعد عقیل حسین کی وکٹ بن گئے۔

مشفیق الرحیم نے لٹن داس کے ساتھ مل کر اسکور 90 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر تجربہ کار روی رامپال نے وکٹ کیپر بلے باز کی وکٹیں بکھیر دیں۔

دوسرے اینڈ سے لٹن داس نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 44 رنز کی اننگز کھیلی لیکن جیسن ہولڈر نے باؤنڈری پر شاندار کیچ لے کر ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

آخری اوور میں بنگلہ دیش کو فتح کے لیے 13 رنز درکار تھے لیکن آندرے رسل نے اپنے اعصاب کو قابو میں رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کو صرف 9 رنز بنانے دیے اور اس طرح دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز نے میچ میں 3 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے، کپتان محمود اللہ نے 31 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کی یہ کاوش بھی بنگلہ دیش کو فتح دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔

22 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 40 رنز کی اننگز کھیلنے والے نکلوس پوران کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

بنگلہ دیش: محمود اللہ (کپتان)، لٹن داس، محمد نعیم، سومیا سرکار، شکیب الحسن، مشفیق الرحیم، عفیف حسین، مہدی حسن، شریف الاسلام، تسکین احمد اور مستفیض الرحمٰن

ویسٹ انڈیز: کیرن پولارڈ (کپتان)، ایون لوئس، کرس گیل، روسٹن چیز، شیمرون ہٹمائر، نکولس پوران، آندرے رسل، ڈیوین براوو، جیسن ہولڈر، عقیل حسین اور ری رامپال

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024