’اگر یہ رونالڈو کے لیے ٹھیک ہے تو پھر میرے لیے بھی ٹھیک ہے‘
آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف میچ کے بعد خبروں کی زینت بن چکے ہیں۔ اس کی ایک وجہ تو یقیناً ان کی 65 رنز کی زبردست اننگ ہے، مگر اس سے بھی بڑی وجہ ان کی جانب سے کرسٹیانو رونالڈو بننے کی کوشش ہے۔
معاملہ کچھ یہ ہے کہ سری لنکا کے خلاف میچ کے بعد جب وہ پریس کانفرنس کرنے آئے تو انہوں نے اپنے سامنے موجود کوکا کولا کی بوتلیں ہٹانے کی کوشش کی۔ یاد رہے کہ مشہور فٹبال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے یورو 2020ء کے دوران پریس کانفرنس میں سامنے موجود کوکا کولا کی بوتلیں ہٹا دی تھیں اور یہ معاملہ پوری دنیا میں زیر بحث آیا تھا۔
وارنر نے پانی کی بوتلوں کے ساتھ موجود کوکا کولا کی دو بوتلیں ہٹاتے ہوئے کہا کہ ’کیا میں انہیں ہٹا سکتا ہوں؟‘
تاہم مبیّنہ طور پر آفیشل کی جانب سے کوکا کولا کی بوتلیں واپس رکھنے کا مطالبہ کرنے پر وارنر نے بوتلیں واپس میز پر رکھتے ہوئے کہا کہ ’اگر یہ کرسٹیانو کے لیے ٹھیک ہے تو پھر میرے لیے بھی ٹھیک ہے‘۔
ٹوئٹر پر ایک صارف نے طنزیہ لہجے میں پوچھا کہ وارنر کی اس کوشش کے نتیجے میں کوکا کولا کو کتنا نقصان ہوا؟
واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں یورو 2020ء کے دوران کی جانے والی ایک پریس کانفرنس میں کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے سامنے موجود کوکا کولا کی بوتلوں کو ہٹا دیا تھا۔
کہا جاتا ہے کہ رونالڈو کے اس عمل سے کوکا کولا کو کئی ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا تھا۔
کوکا کولا آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2021ء کے بڑے اسپانسرز میں شامل ہے۔