• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ٹی20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی لگاتار دوسری فتح، سری لنکا کو شکست

شائع October 29, 2021
مچل اسٹارک نے کوشل پریرا کی وکٹ حاصل کی— فوٹو: اے ایف پی
مچل اسٹارک نے کوشل پریرا کی وکٹ حاصل کی— فوٹو: اے ایف پی
نسانکا اور کوشل پریرا نے پاور پلے میں جارحانہ بیٹنگ کی— فوٹو: اے ایف پی
نسانکا اور کوشل پریرا نے پاور پلے میں جارحانہ بیٹنگ کی— فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا نے باؤلرز اور بلے بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی20 ورلڈ کپ میں لگاتار دوسری فتح حاصل کرلی۔

دبئی میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو 15 کے مجموعی اسکور پر پتھ نسانکا صرف 7 رنز بنانے کے بعد پیٹ کمنز کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد کوشل پریرا کا ساتھ دینے چارتھ اسالانکا آئے اور دونوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاور پلے میں مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

دونوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور 6 اوورز میں اسکور کو 53 تک پہنچا دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 63 رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس مرحلے پر اسلانکا 35 رنز بنانے کے بعد ایڈم زامپا کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ اگلے ہی اوور میں کوشل پریرا کی 25 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔

ابھی اسکور 90 تک ہی پہنچا تھا کہ سری لنکا چوتھا نقصان پہنچا اور آوشکا فرنینڈو صرف 4 رنز بنا کر زامپا کی دوسری وکٹ بن گئے۔

سری لنکا کو ایک اور دھچکا اس وقت لگا جب ونندو ہسارنگا ڈی سلوا بھی صرف چار رنز بنانے کے بعد مچل اسٹارک کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

94 رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد بھنوکا راجا پکسے کا ساتھ دینے کپتان داسن شناکا آئے اور دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 40 رنز جوڑے۔

داسن شناکا 12 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے لیکن راجا پکسے کے 33 رنز کی بدولت سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

آسٹریلیا کی جانب سے کمزن، اسٹارک اور زامپا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلین اوپنرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 70 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

43 کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کو ڈیوڈ وارنر کو آؤٹ کرنے کا موقع ملا لیکن دشمانتھا چمیرا کی گیند پر وکٹ کیپر کیچ پکڑنے میں ناکام رہے۔

سری لنکا کو پہلی کامیابی 70 کے مجموعی اسکور پر اس وقت ملی جب ایرون فنچ 37 رنز بنانے کے بعد ہسارنگا ڈی سلوا کی وکٹ بن گئے جبکہ اگلے اوور میں اسپنر نے گلین میکسویل کو بھی چلتا کردیا۔

دوسرے اینڈ سے ڈیوڈ وارنر نے ڈراپ کیچ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک عرصے کے بعد اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹیو اسمتھ کے ساتھ 50 رنز کی شراکت بھی قائم کی، وہ 10 چوکوں کی مدد سے 65 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

اس کے بعد اسمتھ اور اسٹوئنس نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور اپنی ٹیم کو 17 اوورز میں ہدف تک رسائی دلا کر میچ میں 7وکٹوں کی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

لیگ اسپنر ایڈم زامپا کو بیٹنگ وکٹ پر عمدہ باؤلنگ اور 12 رنز کے عوض دو وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کی فاتح الیون کو برقرار رکھا۔

تاہم سری لنکا نے اپنی فائنل الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے بنورا فرنینڈو کی جگہ مہیش تھکشانا کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ میں آسٹریلیا اور سری لنکا دونوں نے اپنے پہلے میچ میں فتح حاصل کی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

سری لنکا: داسن شناکا(کپتان)، پتھُم نسانکا، کوشل پریرا، چارتھ اسالانکا، آوشکا فرنینڈو، بھنوکا راجا پکسے، چمیکا کرونارتنے، ونندو ہسارنگا ڈی سلوا، دشمانتھا چمیرا، لہیرو کمارا، مہیش تھکشانا۔

آسٹریلیا: ایرون فنچ(کپتان)، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیون اسمتھ، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، میتھیو ویڈ، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، ایڈم زامپا، جوش ہیزل وُڈ

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024