• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

پی ٹی وی کے لائیو شو میں اینکر کی شعیب اختر سے ’بدتمیزی‘

شائع October 27, 2021
اینکر نعمان نیاز کو اس واقعے پر شدید تنقید کا سامنا ہے—فوٹو: پی ٹی وی
 اسپورٹس ٹوئٹر
اینکر نعمان نیاز کو اس واقعے پر شدید تنقید کا سامنا ہے—فوٹو: پی ٹی وی اسپورٹس ٹوئٹر

پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اسپورٹس کے اینکر نعمان نیاز نے لائیو شو کے دوران قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے ساتھ تلخ رویہ اپناتے ہوئے شو سے اٹھ کر جانے کا کہا جس کے بعد وہ شو چھوڑ کر چلے گئے۔

گزشتہ شب ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ میچ کے دوران شعیب اختر پی ٹی وی اسپورٹس کے پروگرام ’گیم آن ہے‘ میں شریک ہوئے تھے جس کے ایکسپرٹ پینل میں شعیب اختر سمیت ویون رچرڈز، ڈیوڈ گوور، عاقب جاوید، راشد لطیف، عمر گل، ثنا میر اور اظہر محمود بھی شامل تھے۔

شو کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر سے ایک سوال کیا تاہم ان کے تجزیے کے دوران ہی اینکر نے تلخ رویہ اپناتے ہوئے انہیں شو چھوڑ کر جانے کو کہا جس پر سوشل میڈیا پر اینکر کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

ہوا کچھ یوں کہ شعیب اختر نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ پر اپنا تجزیہ دیتے ہوئے کہا کہ حسن علی سے شروع میں باؤلنگ نہیں کروانی چاہیے تھی کیونکہ بعد میں گیند ریورس ہو رہی تھی۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: حارث اور آصف کی عمدہ کارکردگی، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

سابق کرکٹر نے نعمان نیاز سے سوال کیا کہ ’شاہین شاہ آفریدی کی گیند ریورس ہو رہی تھی آپ نے گیم دیکھا؟‘ جس کے جواب میں نعمان نیاز نے کہا کہ ’جی میں نے تو میچ دیکھا، میں آپ سے جاننا چاہتا ہوں کیونکہ یہاں بہت سے لوگ بیٹھے ہیں’۔

نعمان نیاز کی بات کے جواب میں شعیب اختر نے دوبارہ کہا کہ ’آپ کھوئے ہوئے تھے‘۔

پھر شعیب اختر نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حارث رؤف کی تعریف کی اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کو کریڈٹ دینے کی بات کی لیکن انہوں نے بعدازاں غلطی سے شاہین شاہ آفریدی کا نام لے لیا۔

انہوں نے کہا کہ ’عاقب جاوید شاہین آفریدی کو لے کر آئے اور انہیں پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کا حصہ بنایا‘ جس پر نعمان نیاز نے شعیب اختر کی بات کو کاٹتے ہوئے کہا کہ ’شاہین آفریدی پاکستان کے لیے انڈر 19 کھیل چکے تھے‘۔

اس پر شعیب اختر نے کہا کہ ’میں حارث رؤف کی بات کر رہا ہوں‘ جس پر نعمان نیاز نے اپنی بات کو دہراتے ہوئے کہا کہ ’شاہین شاہ آفریدی پہلے پاکستان کے لیے کھیل چکے تھے‘۔

اینکر کی مذکورہ بات کے جواب میں شعیب اختر نے کہا کہ ’سر پلیز! سم بڈی کیم ٹو دا ورک‘۔

تاہم شو کے اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز نے اچانک تلخ رویہ اپناتے ہوئے کہا کہ ’آپ بدتمیزی کررہے ہیں، میں یہ نہیں کہنا چاہتا تھا لیکن آپ اوور اسمارٹ ہو رہے ہیں تو چلے جائیں میں یہ آن ایئر کہہ رہا ہوں‘۔

یہ کہنے کے ساتھ ہی میزبان نے پینل میں موجود ثنا میر سے سوال کرنا شروع کیا اور شعیب اختر کے مخاطب کرنے پر بریک لے لیا۔

تاہم بریک سے واپس آنے کے بعد اینکر نعمان نیاز نے سوال بدل دیا تھا مگر شعیب اختر نے انہیں روکا اور کہا کہ ’میں آپ کے خلاف کیس نہیں بنا رہا تھا بلکہ حارث رؤف کے بارے میں بات کر رہا تھا جو کہ لاہور قلندرز کی دریافت ہے اور وہ انڈر 19 سے نہیں آئے تھے’۔

یہ بھی پڑھیں: تصاویر: شارجہ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کامیاب

جس پر نعمان نیاز نے کہا کہ ’شاہین شاہ آفریدی انڈر 19 سے آئے تھے‘، اس پر شعیب اختر نے کہا کہ اب یہ بات واضح ہوگئی؟ جس پر اینکر نے ہاں میں جواب دیا۔

پھر شعیب اختر نے ان سے کہا کہ ’مسکرائیں، اور جو بھی ہوا، اس پر معذرت کریں جس کے جواب میں نعمان نیاز نے کہا کہ ٹھیک ہے آپ جاری رکھیں۔

اس پر شعیب اختر نے بات جاری رکھنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے ایک لمبی سانس لینے کے بعد کہا کہ ’چھوڑیں آگے بڑھیں‘، انہوں نے ’معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ٹی وی سے مستعفی ہورہا ہوں جس طرح نیشنل ٹی وی پر رویہ اپنایا گیا مجھے نہیں لگتا کہ مجھے اس وقت یہاں بیٹھنا چاہیے‘۔

پی ٹی وی اسپورٹس کے پروگرام میں نعمان نیاز کے شعیب اختر کو شو سے جانے کا کہنے اور بعدازاں سابق کرکٹر کے شو سے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے اور شائقینِ کرکٹ سمیت سوشل میڈیا پر شعیب اختر کے ساتھ ایسا تلخ رویہ اپنانے پر اینکر کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

اینکر نعمان نیاز کے نام سے منسوب ہیش ٹیگ NaumanNiaz# بھی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔

جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، شعیب اختر

دوسری جانب سوشل میڈیا پر شو کے دوران پیش آنے والے واقعے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد شعیب اختر نے ویڈیو بیان اور ٹوئٹس کی صورت میں اپنا ردعمل بھی دیا۔

شعیب اختر نے ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر نعمان نیاز کا رویہ ناقابل برداشت تھا، مجھے لائیو شو میں چلے جانے کو کہہ دیا گیا۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد

انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آیا کہ ڈاکٹر نعمان نے ایسا کیوں کہا، قومی ٹی وی پر ایک اسٹار کی یوں توہین مناسب نہیں۔

ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ بریک میں مجھے اندازہ ہوا کہ غیر ملکیوں کے سامنے کیا امیج جائے گا تو میں نے ڈاکٹر نعمان سے کہا تھا کہ کسی طرح معاملے کو ختم کریں۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو ختم کرنے کے لیے میں نے کہا کہ ہم مذاق کر رہے تھے، میں نے ڈاکٹر نعمان سے کہا کہ معذرت کر لیں لیکن جب انہوں نے معذرت نہیں کی تو میں نے شو چھوڑ دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے پروگرام میں بات سنبھالنے کی کوشش کی لیکن ڈاکٹر نعمان نے میری توہین کی، غیر ملکی اسٹارز اور قومی اسٹارز کیا سوچیں گے کہ نیشنل ٹی وی پر نیشنل اسٹار کے ساتھ یہ کیا ہو رہا ہے؟

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ’ڈاکٹر نعمان نے معافی نہیں مانگی لہذا میں نے پروگرام سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا، یہ بہت افسوسناک واقعہ تھا جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا‘۔

سوشل میڈیا پر تنقید

اینکر پرسن ڈاکٹرشاہد مسعود نے کہا کہ ’شعیب اختر صاحب ایک قومی ہیرو ہونے کے ساتھ ذاتی زندگی میں ایک انتہائی نفیس انسان بھی ہیں، ان کے ساتھ توہین آمیز رویے پر دکھ تو بہت ہوا لیکن حیرت نہیں۔ شاید اپنے ہیروز کے ساتھ یہ سب کچھ ہمارا قومی رویہ بن چکا ہے‘۔

وسیم عباسی نے کہا کہ ’شعیب اختر نے ڈاکٹر نعمان نیاز کی بدتمیزی پر پی ٹی وی سے لائیو استعفے کا اعلان کردیا، ایک کرکٹ لیجنڈ کے ساتھ اس طرح مہمانوں کے سامنے بدتمیزی کسی طور قابل قبول نہیں‘۔

اجمل جامی نے کہا کہ کیا ہم اپنے ہیروز کے ساتھ ایسا رویہ رکھتے ہیں؟

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ صرف ہمارے ہیروز کے بارے میں نہیں ہے، یہ ہمارے وقار کے بارے میں بھی ہے. یہ ہمارے سرکاری نشریاتی ادارے کے بارے میں بھی ہے، معاملے کو انتہائی غیر پیشہ ورانہ طور پر سنببھالا گیا‘۔

فیصل جاوید نے کہا کہ جب ہر کوئی پاکستان کی تعریف کر رہا ہے اور ورلڈ کپ میں اس کی شاندار کارکردگی کا اعتراف کر رہا ہے تو آپ ایسا کیوں کررہے ہیں؟

راجا خرم نامی صارف نے کہا کہ حکومت کو نعمان نیاز کے خلاف فوری کارروائی کرنی چاہیے۔

اینکر نعمان نیاز کا ردعمل

سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر تنقید کے بعد اینکر نعمان نیاز نے بھی ایک ٹوئٹ میں ردعمل دیا۔

ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ ’ میں حیران ہوں کہ یہ یاد کیوں دلایا جاتا ہے کہ شعیب اختر ایک اسٹار ہیں، وہ بہترین رہے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ انہوں نے ملک کا نام روشن کیا ہے اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا‘۔

اینکر نے مزید کہا کہ ’کہانی کا ایک رخ ہمیشہ اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، بہر حال ہم سالوں سے دوست رہے ہیں اور میں ہمیشہ ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کروں گا۔

خیال رہے کہ 26 اکتوبر کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے حارث رؤف اور آصف علی کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار دوسری فتح حاصل کی۔

حارث رؤف نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض 4 وکٹیں لی تھیں اور انہیں عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

ALLIABSOLUTIONS Oct 27, 2021 11:29am
This anchor should resign if he has some self respect

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024