• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد

شائع October 27, 2021
ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اعصاب شکن معرکے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی — فوٹو: اے ایف پی
ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اعصاب شکن معرکے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی — فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اعصاب شکن معرکے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر دو قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں بھی روشن کر لی ہیں۔

حارث رؤف سمیت پاکستانی باؤلرز نے شاندار کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو رنز بنانے سے باز رکھا اور کیویز مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکے۔

حارث رؤف نے 22 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔

بھارت کو پہلے میچ میں باآسانی 10وکٹوں سے شکست دینے والی پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 69 رنز پر 4 وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار ہو گئی تھی جبکہ عماد وسیم جب آؤٹ ہوئے تو پاکستان کو فتح کے لیے مزید 48 رنز درکار تھے۔

لیکن اس موقع پر آصف علی اور شعیب ملک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 8 گیندوں قبل ہی ہدف تک رسائی دلا دی۔

پاکستان کی اس فتح پر سابق کرکٹرز، سیاستدان اور شائقین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کو اس عمدہ کارکردگی پر مبارکباد دی۔

وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی ٹیم کو فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ باؤلنگ ایک مرتبہ پھر شاندار رہی، ایک عمدہ ٹیم ہار کی صورت میں اپنی غلطیوں کا جائزہ لے گی کیونکہ ایک عظیم ٹیم جیت کے باوجود اپنے کھیل کا جامع تجزیہ کرتی ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے بھی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے جیت کا سلسلہ جاری رکھا اور دورہ نیوزی لینڈ کے سبب پھیلی مایوسی کا بدلہ بھی لیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے میچ میں عمدہ کارکردگی پر حارث رؤف اور آصف علی کو بھی خصوصی طور پر سراہا۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی جیت سے ثابت ہوا کہ جیت ٹیم ورک سے ملتی ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میچ میں جارحانہ بیٹنگ اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کراتے ہوئے آصف علی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں انہوں نے میچ تبدیل کردیا جبکہ اس سے قبل حارث رؤف نے خوبصورت باؤلنگ کی۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میچ میں ایک مرحلے پر کچھ تناؤ کے باوجود پاکستان نے دوبارہ ہمارے سر فخر سے بلند کردیے۔

اس موقع پر انہوں نے دورہ ختم کرنے پر نیوزی لینڈ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ دورہ ختم کرنے کے بجائے پاکستان میں کھیل لیتے تو آپ کو اندازہ ہوتا کہ آپ کا مقابلہ کس سے ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی عمدہ کارکردگی پر ٹیم کو مبارکباد دی۔

سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم سیکیورٹی کے لیے چلاتی رہی لیکن ان کے پاس پاکستان ٹیم سے بچاؤ کا کوئی اور راستہ نہیں تھا، مستقل مزاجی سے کارکردگی کے ساتھ قومی ٹیم بڑی ٹیموں کو مات دے کر اعتماد کے ساتھ ٹرافی کی جانب قدم بڑھا رہی ہے۔

قومی ویمنز ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے بھی جارحانہ بیٹنگ پر آصف علی کو سراہا۔

سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کو توقع ہوگی ان کے ساتھ یہ ہونے والا ہے، جب پاکستان ٹیم تمام شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھا رہی ہو تو انہیں ہرانا مشکل ہوتا ہے۔

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے فتح پر شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج ایک اور میچ جیتنے میں کامیاب رہے اور حارث رؤف، آصف علی اور شعیب ملک بھائی کو فتح کن کارکردگی پر مبارکباد دیتا ہوں۔

ٹی وی شو میزبان ماریا میمن نے کہا کہ کامیابی بہترین انتقام ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024