• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ٹی20 ورلڈ کپ: حارث اور آصف کی عمدہ کارکردگی، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

شائع October 26, 2021 اپ ڈیٹ October 27, 2021
حارث رؤف کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: اے ایف پی
حارث رؤف کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: اے ایف پی
ٹم ساؤدھی کی گیند پر بابر اعظم اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے— فوٹو: اے پی
ٹم ساؤدھی کی گیند پر بابر اعظم اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے— فوٹو: اے پی
حارث رؤف نے مارٹن گپٹل کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی— فوٹو: اے ایف پی
حارث رؤف نے مارٹن گپٹل کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی— فوٹو: اے ایف پی
حسن علی نے ڈائریکٹ تھرو پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو آؤٹ کیا— فوٹو: اے ایف پی
حسن علی نے ڈائریکٹ تھرو پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو آؤٹ کیا— فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ 2021 میں پاکستان نے حارث رؤف اور آصف علی کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار دوسری فتح حاصل کر لی۔

شارجہ میں کھیلے گئے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے ایک مرتبہ پھر بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے پہلا اوور میڈن کرایا تاہم اس کے بعد اوپنرز ڈیرل مچل اور مارٹن گپٹل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 36 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

پاور پلے کے آخری اوور میں بابراعظم فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو باؤلنگ کے لیے لائے اور انہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے دوسری ہی گیند پر گپٹل کو بولڈ کردیا جنہوں نے 17 رنز بنائے تھے۔

میچ کے نویں اوور کی پہلی گیند پر مچل نے عماد کو چھکا مارا لیکن اگلی ہی گیند پر دوبارہ چھکا مارنے کی کوشش میں فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے، مچل نے 27 رنز بنائے۔

رن ریٹ میں اضافے کے لیے نیوزی لینڈ نے جیمز نیشام کو اوپر کے نمبروں پر بھیجا لیکن محمد حفیظ نے اپنے اسپیل کی پہلی ہی گیند پر انہیں چلتا کردیا۔

حفیظ کے اگلے اوور میں کین ولیمسن کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا لیکن ریویو میں صاف واضح تھا کہ گیند ان کے بلے سے لگنے کے بعد پیڈ سے ٹکرائی تھی لہٰذا انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا۔

شاداب کے ایک اوور میں ڈیون کونوے نے تین چوکے لگا کر اسکور کو 90 تک پہنچایا لیکن اگلے اوور میں حسن کی ڈائریکٹ تھرو پر 25 رنز بنانے والے کیوی کپتان ولیمسن رن آؤٹ ہو گئے۔

پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو تیزی سے رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور حارث رؤف کو چھکا لگانے کی کوشش میں 27 رنز بنانے والے ڈیون کونوے باؤنڈری پر بابر کو کیچ دے بیٹھے۔

ابھی نیوزی لینڈ کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ حارث رؤف نے ایک گیند بعد گلین فلپس کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

ٹم سیفرٹ نے شاہین شاہ آفریدی کو چوکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر ان کی میچ میں پہلی وکٹ بن گئے۔

حارث رؤف نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اننگز کی آخری گیند پر بھی وکٹ حاصل کی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں8 وکٹوں پر 134 رنز بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں، حسن علی، عماد وسیم اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ لی۔

پاکستانی اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا مثبت انداز میں آغاز کیا اور ٹیم کو پانچ اوورز میں 28 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

چھٹے اوور کی پہلی گیند پر ٹم ساؤدھی کی گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بابر اعظم کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 9رنز بنائے تھے۔

تم ساؤدھی نے بابر کو آؤٹ کر کے ٹی20 کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری بھی مکمل کر لی۔

فخر زمان نے اش سودھی کو چھکا لگایا لیکن پھر انہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے، فیلڈ امپائر نے فخر کو ناٹ آؤٹ قرار دیا تھا لیکن نیوزی لینڈ نے ریویو لینے کا فیصلہ کیا جس پر بائیں ہاتھ کے بلے باز آؤٹ قرار پائے۔

محمد حفیظ کی اننگز بھی 11 رنز سے آگے نہ بڑھ سکی اور ڈیون کونوے نے باؤنڈری پر شاندار کیچ لے کر ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

پاکستان کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب اش سودھی کی گیند پر رضوان بھی ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 34 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔

عماد وسیم بھی پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور 12 گیندوں پر 10 رنز بنانے کے بعد ساؤدھی کی وکٹ بن گئے۔

عماد وسیم آؤٹ ہوئے تو میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکلتا ہوا محسوس ہونے لگا کیونکہ پاکستان کو 31 گیندوں پر فتح کے لیے 48 رنز درکار تھے۔

لیکن اس مرحلے پر شعیب ملک اور آصف علی نے عمدہ اور جارحانہ بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

آصف علی نے ٹم ساؤدھی کو لگاتار دو چھکے لگائے جبکہ شعیب ملک نے سینٹنر کی جانب سے کرائے گئے 18ویں اوور میں 15 رنز بٹورے۔

آصف علی نے بولٹ کو بھی شاندار چھکا جڑ کر پاکستان کی فتح پر مہر ثبت کردی اور قومی ٹیم نے 8 گیندیں قبل ہی میچ میں 5 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی۔

آصف علی نے 12 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز بنائے جبکہ شعیب ملک نے 20 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی۔

حارث رؤف کو ان کی عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور گزشتہ میچ کی فاتح الیون میدان میں اتاری تھی۔

میچ سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کی فٹنس پر سوالیہ نشان برقرار تھے لیکن وہ میچ سے قبل فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرنے میں کامیاب رہے۔

تاہم نیوزی لینڈ کو میچ سے قبل بڑادھچکا لگا اور فاسٹ باؤلر لوکی فرگیوسن انجری کا شکار ہو کر ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔

میچ کیلئے دونوں ٹییمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، فخرزمان، محمد رضوان، شعیب ملک، حارث رؤف، محمد حفیظ، شاہین شاہ، حسن علی، عماد وسیم، آصف علی، شاداب خان۔

نیوزی لینڈ: کین ولیمسن(کپتان)، مارٹن گپٹل، ڈیون کونوے، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ، ڈیرل مچل، جیمز نیشام، مچل سینٹنر، ٹم ساؤدھی، ٹرینٹ بولٹ، اش سودھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024