ٹی 20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سےشکست دے دی
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 144 رنز کا ہدف 19 ویں اوور کی دوسری گیند پر 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں آندرل کی براہ راست تھرو کے نتیجے میں کپتان ٹیمبا باووما کی اننگز اختتام کو پہنچی۔
اس کے بعد ریزا ہینڈرسک کا ساتھ دینے راسی وین ڈر ڈوسن آئے اور دونوں نے پاور پلے میں مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔
دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 57 رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور کو 61 تک پہنچا دیا، 30 گیندوں پر 39 رنز بنانے والے ہینڈرکس بڑا شاٹ مارنے کی کوشش میں عقیل حسین کو وکٹ دے بیٹھے۔
ایڈن مرکرم اور راسی وین ڈر ڈوسن نے بہترین شراکت قائم کی اور دونوں بلے بازوں نے بالترتیب 51 اور 43 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح دلائی۔
جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کرکے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی جبکہ ویسٹ انڈیز کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے تھے۔
اینرچ نوکیا کو شان دار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لوئس اور لینڈل سمنز نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔
اوپنرز نے ویسٹ انڈیز کو 73 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا اور ابتدائی 10 اوورز میں جنوبی افریقی باؤلرز کو وکٹ سے محروم رکھا۔
ایون لوئس نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن دوسرے اینڈ پر موجود لینڈل سمنز نے حد سے زیادہ دفاعی انداز اپنایا اور 35 گیندوں پر 16 رنز بنائے۔
ایون لوئس 35 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
نکلوس پوران نے 12 رنز کی اننگز کھیلی لیکن کیشپ مہاراج نے انہیں چلتا کر کے دوسری وکٹ حاصل کی جبکہ اگلے اوور میں سمنز کی سست اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔
کرس گیل نے ایک چھکا تو لگایا لیکن 12 گیندوں پر 12 رنز بنانے کے بعد وہ ڈیوین پریٹوریس کی وکٹ بن گئے۔
کیرن پولارڈ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے چند بڑے شاٹس کھیلے لیکن دوسرے اینڈ سے آندرے رسل کی پانچ رنز کی اننگز اینرچ نوکیا کے خلاف اختتام کو پہنچی جبکہ شیمرون ہٹمائر بھی صرف ایک رن بنا سکے۔
آخری اوور میں بھی ویسٹ انڈین ٹیم صرف 7 رنز بنا سکی اور ساتھ ساتھ کیرن پولارڈ اور ہیڈن واش کی وکٹ بھی گنوا بیٹھے، پولارڈ نے 26 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز نے مقررہ اوورز میں 20 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوین پریٹوریس نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں اور کیشپ مہاراج نے دو کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔
میچ کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور کوئنٹن ڈی کوک ذاتی وجوہات کی بنا پر میچ نہیں کھیلیں گے اور ان کی جگہ ریزا ہینڈرکس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئز: آپ ٹی 20 ورلڈکپ کے بارے میں کتنا جانتے ہیں؟
اسی طرح ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے اور اوبید میک کوئے کی جگہ ہیڈن والش کو شامل کیا گیا ہے۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:
ویسٹ انڈیز: کیرن پولارڈ (کپتان)، ایون لوئس، کرس گیل، لینڈل سمنز، شیمرون ہٹمائر، نکولس پوران، آندرے رسل، ڈیوین براوو، عقیل حسین، ہیڈن والش اور روی رامپال
جنوبی افریقہ: ٹیمبا باووما (کپتان)، ریزا ہینڈرکس، راسی وین ڈر ڈوسن، ایڈن مرکرم، ڈیوڈ ملر، ہنری کلاسن، ڈیوین پریٹوریس، کگیسو ربادا، کیشپ مہاراج، اینرچ نوکیا اور تبریز شمسی