• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاک-بھارت کرکٹ میچ سے لطف اندوز ہوا، اکشے کمار

شائع October 25, 2021
بھارت کی شکست کے بعد اکشے کمار کو افسردہ دیکھا گیا—فوٹو: ٹوئٹر
بھارت کی شکست کے بعد اکشے کمار کو افسردہ دیکھا گیا—فوٹو: ٹوئٹر

بولی وڈ سپر اسٹار اکشے کمار نے 24 اکتوبر کی شب ورلڈ کپ ٹی20 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے میچ پر مختصر کمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ میچ سے لطف اندوز ہوئے۔

اکشے کمار ان چند بولی وڈ شخصیات میں سے ایک ہیں، جنہیں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران اسٹیڈیم میں دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ بھارت کو پاکستان سے شکست

میچ کے بعد پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اکشے کمار کے ساتھ مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان سے میچ سے متعلق بھی دریافت کیا۔

مختصر ویڈیو میں اکشے کمار کو بھارت کی شکست کے بعد اسٹیڈیم سے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس دوران عامر خان انہیں روک کر گلے لگانے کے بعد ان سے میچ سے متعلق دریافت کرتے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اکشے کمار نہ چاہتے ہوئے بھی مسکراتے ہوئے جواب دے رہے ہیں وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ سے لطف اندوز ہوئے۔

ویڈیو میں اکشے کمار کو بھارتی ٹیم کی شکست کی وجہ سے افسردگی کی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔

انہوں نے ویڈیو بنانے کے لیے باکسر عامر خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

باکسر عامر خان کی جانب سے اکشے کمار کے ساتھ بنائی گئی مختصر ویڈیو بولی وڈ اداکار کے افسردہ چہرے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے جب کہ دوسری جانب ٹوئٹر پر اکشے کمار کی میمز بھی شیئر کی جا رہی ہیں۔

ٹوئٹر پر اکشے کمار کی شیئر کی گئی میمز میں انہیں اپنی قومی ٹیم کی شکست پر حیران و پریشان دکھایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ باؤلنگ اور اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

یہ پاکستان کی بھارت کے خلاف کسی بھی فارمیٹ کے ورلڈ کپ ایونٹ میں پہلی فتح ہے۔

اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ میں 5 اور ون ڈے ورلڈ کپ میں 7 میچ کھیلے گئے تھے اور تمام میچوں میں بھارتی ٹیم کامیاب رہی تھی۔

پاکستان نے گزشتہ روز کے میچ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور یہ ٹی20 میں پاکستان کی وکٹوں کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح ہے جبکہ بھارتی ٹیم کی سب سے بڑی شکست ہے کیونکہ انہیں بھی پہلی مرتبہ 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس کے علاوہ بابر اور رضوان نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ بھی بنایا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024