• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارت کی شکست کے بعد شعیب اختر کا ہربھجن سنگھ کو 'جواب'

شائع October 25, 2021
یہ پاکستان کی بھارت کے خلاف کسی بھی فارمیٹ کے ورلڈ کپ ایونٹ میں پہلی فتح ہے—فوٹو: اسکرین شاٹ
یہ پاکستان کی بھارت کے خلاف کسی بھی فارمیٹ کے ورلڈ کپ ایونٹ میں پہلی فتح ہے—فوٹو: اسکرین شاٹ

ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میں بھارت کے خلاف جیت کے بعد قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ کے میچ سے قبل کیے گئے طنز کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’برداشت کرو‘۔

گزشتہ دنوں ہربھجن سنگھ نے اسٹار اسپورٹس چینل کے ایک پروگرام میں مختصر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے سابق پاکستانی فاسٹ بالر شعیب اختر کو بتادیا ہے کہ اس مرتبہ بھی بھارت جیت جائے گا۔

ہربھجن سنگھ نے کہا تھا کہ انہوں نے شعیب اختر کو کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کھیلنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، دونوں ٹیمیں کھیلیں گی، پھر سے پاکستان ہار جائے گا۔

مزید پڑھیں: شعیب کو کہا ہے کھیلنے کا فائدہ نہیں، پاکستان پھر سے ہار جائے گا، ہربھجن سنگھ

انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے شعیب اختر کو کہا ہے کہ ایسے میچ کا کوئی فائدہ نہیں ہے، اس لیے پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ ہی بھارت کو دے دے اور مزید کہا تھا کہ بھارتی ٹیم تگڑی ہے، وہ پاکستانی ٹیم کو اڑا دے گی‘۔

تاہم گزشتہ روز پاکستان کی جیت کے بعد شعیب اختر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں سابق بھارتی کرکٹر ہر بھجن سنگھ کو ٹیگ کرکے پوچھا ہے کہ کہاں ہو یار؟

بعدازاں شعیب اختر نے ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا اور ہربھجن کے سابقہ بیان کا حوالہ دیا۔

شعیب اختر نے کہا کہ ’ہاں بھا جی؟ ہر بھجن سنگھ، واک اوور لینا ہے؟ نہیں لینا؟

انہوں نے اپنے مختصر ویڈیو بیان میں کہا کہ ’اچھا، چلو، کیا کرسکتے ہیں پرسکون رہیں، دن کا لطف اٹھاؤ اور برداشت کرو’۔

دوسری جانب شعیب اختر کے طنز کا جواب دیتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ’ٹھیک ہے ٹھیک ہے، مبارک ہو آپ لوگوں کو، میں یہیں ہوں‘۔

ہربھجن سنگھ نے اپنی ٹوئٹ میں ایک بھارتی اسپورٹس چینل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم گیم پر گفتگو کریں، آپ اپنی جیت کی خوشی منائیں۔

شعیب اختر کے علاوہ پاکستانی شوبز شخصیات عاصم اظہر اور فہد مصطفیٰ نے بھی ہربھجن سنگھ پر طنز کیا۔

عاصم اظہر نے پاکستان کی جیت کے بعد ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں سب کو ’دل دل پاکستان‘ گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

تاہم ویڈیو کے آخر میں ٹی وی شو میزبان فہد مصطفیٰ پوچھتے ہیں کہ ’ایک منٹ، ہربھجن کہاں ہے؟ جس پر ویڈیو میں موجود دیگر افراد کو ہنستے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے'۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ باؤلنگ اور اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ بھارت کو پاکستان سے شکست

یہ پاکستان کی بھارت کے خلاف کسی بھی فارمیٹ کے ورلڈ کپ ایونٹ میں پہلی فتح ہے۔

اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ میں 5 اور ون ڈے ورلڈ کپ میں 7 میچ کھیلے گئے تھے اور تمام میچوں میں بھارتی ٹیم کامیاب رہی تھی۔

پاکستان نے گزشتہ روز کے میچ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور یہ ٹی20 میں پاکستان کی وکٹوں کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح ہے جبکہ بھارتی ٹیم کی سب سے بڑی شکست ہے کیونکہ انہیں بھی پہلی مرتبہ 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس کے علاوہ بابر اور رضوان نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ بھی بنا دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024