• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کھلاڑی زیادہ پرجوش نہ ہوں، توجہ ورلڈ کپ جیتنے پر ہونی چاہیے، بابر اعظم

شائع October 25, 2021
بابر اعظم نے کہا کہ یہ کسی کی انفرادی پرفارمنس نہیں تھی، ہم بطور ٹیم جیتے ہیں — فائل فوٹو / اے ایف پی
بابر اعظم نے کہا کہ یہ کسی کی انفرادی پرفارمنس نہیں تھی، ہم بطور ٹیم جیتے ہیں — فائل فوٹو / اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں کامیابی ایک آغاز ہے، کھلاڑی زیادہ پرجوش نہ ہوں اور توجہ ورلڈ کپ جیتنے پر ہونی چاہیے۔

ورلڈ کپ کے اپنے ابتدائی میچ میں بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے بعد ڈریسنگ روم میں قومی اسکواڈ سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ ’یہ کسی کی انفرادی پرفارمنس نہیں تھی، ہم بطور ٹیم جیتے ہیں اور یہ چیز کسی بھی لمحے چھوڑنی نہیں ہے‘۔

انہوں نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرکے کہا کہ ’ابھی تو آغاز ہے، میچ میں فتح کی خوشی منائیں لیکن زیادہ پرجوش نہ ہوں، ایسا نہ ہو کہ ہم کل کا دن بھی صرف خوش ہوتے رہیں، ہمارے آگے ابھی کافی میچز ہیں جن پر ہمیں توجہ دینی ہے، ہم مل کر خوشی منائیں گے لیکن ہماری توجہ ورلڈ کپ جیتنے پر ہونی چاہیے‘۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ بھارت کو پاکستان سے شکست

ان کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی وقت ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے، جو بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کرے اپنا سو فیصد دے اور ایسا نہ ہو کہ ہم اپنی توجہ ہٹا کر صرف گھوم پھر رہے ہوں کیونکہ یہ ہماری عادت ہے جسے ہم نے تبدیل کرنا ہے اور یہ جلد تبدیل ہوگی اور یہ ہم ہی کریں گے‘۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے اور ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے آج کے میچ میں تو اچھا کرلیا لیکن ہر شعبے میں کیا رہ گیا ہے انہیں آنے والے میچز میں بطور یونٹ انہیں سوچ لینا‘۔

انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ ’جو اچھا کیا ہے اسے اپنے پاس رکھ لینا اور جو رہ گیا ہے اس کی کمی پوری کر لینا کیونکہ جیسے جیسے آگے جاؤ گے جو رہ گیا ہے اس پر دنیا کی نظر ہے اور جو تم نے اچھا کیا ہے اس کا وہ توڑ لے کر آئیں گے‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ باؤلنگ اور اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

یہ پاکستان کی بھارت کے خلاف کسی بھی فارمیٹ کے ورلڈ کپ ایونٹ میں پہلی فتح ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ: پاکستان نے بھارت کے خلاف نئے ریکارڈز بنا دیے

اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ میں 5 اور ون ڈے ورلڈ کپ میں 7 میچ کھیلے گئے تھے اور تمام میچوں میں بھارتی ٹیم کامیاب رہی تھی۔

پاکستان نے گزشتہ روز کے میچ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی اور یہ ٹی20 میں پاکستان کی وکٹوں کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح ہے جبکہ بھارتی ٹیم کی سب سے بڑی شکست ہے کیونکہ انہیں بھی پہلی مرتبہ 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس کے علاوہ بابر اور رضوان نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ بھی بنا دیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024