• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ٹی20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا کامیاب آغاز، جنوبی افریقہ کو شکست

شائع October 23, 2021
جوش ہیزل وُڈ کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا — فوٹو: اے ایف پی
جوش ہیزل وُڈ کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا — فوٹو: اے ایف پی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ابوظبی کے زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ ون کے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ رہا اور دوسرے ہی اوور میں کپتان ٹیمبا باووما 13 کے مجموعی اسکور پر بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد کوئنٹن ڈی کوک کا ساتھ نبھانے کے لیے کریز پر آنے والے راسی وین ڈر ڈوسن بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک پائے اور اگلے ہی اوور میں جوش ہیزل ووڈ کا شکار بن گئے۔

ڈی کوک کی اننگز پانچویں اوور میں اختتام کو پہنچی اور وہ بھی 7 رنز بنا کر ہیزل ووڈ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

اس موقع پر ایڈن مرکرم اور ہینری کلاسن نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن 46 کے مجموعے پر کلاسن کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

چار وکٹیں گرنے کے بعد مرکرم کا ساتھ دینے ڈیوڈ ملر آئے اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 34رنز بنانے کے بعد چلتے بنے، اس سے قبل کہ یہ شراکت آسٹریلیا کے لیے خطرناک ثابت ہوتی، ایڈم زامپا نے ڈیوڈ ملر کی 16 رنز کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا۔

ابھی جنوبی افریقہ کی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ دو گیندوں بعدد زامپا نے ڈیوین پریٹوریس کا بھی کام تمام کردیا جو صرف ایک رن بناسکے۔

چند گیندوں بعد آسٹریلین کھلاڑیوں کی شاندار فیلڈنگ نے کیشپ مہاراج کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

دوسرے اینڈ پر موجود مرکرم نے 40 رنز کی اننگز کھیلی لیکن 18ویں کی پہلی گیند پر مچل اسٹارک نے ان کو چلتا کردیا جبکہ اینرچ نوکیا بھی صرف دو رنز بنا سکے۔

اختتامی اوورز میں کگیسو ربادا کے 20 رنز کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

آسٹریلیاکی جانب سے اسٹارک، زامپا اور ہیزل وُڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں کپتان ایرون فنچ کھاتا کھولے بغیر ہی اینرج نوکیا کی وکٹ بن گئے۔

اسکور ابھی 20 تک ہی پہنچا تھا کہ ڈیوڈ وارنر بھی صرف 14 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔

17 گیندوں پر 11 رنز بنانے والے مچل مارش نے اسٹیو اسمتھ کے ساتھ اسکور کو 38 تک پہنچایا لیکن اس مرحلے پر ان کی ہمت بھی جواب دے گئی۔

3 وکٹیں گرنے کےبعد اسمتھ کا ساتھ دینے جارح مزاج آل راؤنڈر گلین میکسویل آئے اور دونوں نے 43رنز کی اہم شراکت قائم کر کے اسکور کو 80 تک پہنچا دیا۔

اس سے قبل کہ میچ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں سے نکلتا، نوکیا نے اسٹیو اسمتھ کی اہم وکٹ حاصل کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی جبکہ اگلے ہی اوور میں تبریز شمسی نے میکسویل کی وکٹیں بکھیر دیں، دونوں کھلاڑیوں نے آؤٹ ہونے سے قبل بالترتیب 35 اور 18 رنز بنائے۔

اس مرحلے پر آسٹریلیا کی ہدف تک رسائی مشکل نظر آنے لگی تھی لیکن مارکس اسٹوئنس اور میتھیو ویڈ نے حواس قابو میں رکھتے ہوئے اپنی ٹیم کو دو گیندوں قبل ہی ہدف تک رسائی دلا دی، اسٹوئنس نے 24 اور ویڈ نے 15 رنز بنائے۔

جوش ہیزل وڈ کو ان کی عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے کہا کہ ’وکٹ بہت اچھی لگ رہی ہے اور ہم اسے بدلتا ہوا نہیں دیکھ رہے۔

جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما نے اعتراف کیا کہ وہ گھبراہٹ محسوس کر رہے ہیں۔

پہلے مقابلے کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

آسٹریلیا: ایرون فنچ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، گلین میکس ویل، اسٹیو اسمتھ، مارکس اسٹوئنس، میتھیو ویڈ، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، ایڈم زامپا اور جوش ہیزل ووڈ

جنوبی افریقہ: ٹیمبا باووما (کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک، ایڈن مرکرم، راسی وین ڈر ڈوسن، ڈیوڈ ملر، ہینرک کلاسین، ڈوائن پریٹوریس، کگیسو ربادا، کیشو مہاراج، آنرک نورجے اور تبریز شمسی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024