• KHI: Asr 4:26pm Maghrib 6:02pm
  • LHR: Asr 3:42pm Maghrib 5:19pm
  • ISB: Asr 3:42pm Maghrib 5:20pm
  • KHI: Asr 4:26pm Maghrib 6:02pm
  • LHR: Asr 3:42pm Maghrib 5:19pm
  • ISB: Asr 3:42pm Maghrib 5:20pm

پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی

شائع October 19, 2021
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پاک بحریہ مسلسل پاکستانی سمندری حدود کی نگرانی کر رہی ہے — ڈان نیوز اسکرین گریب
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پاک بحریہ مسلسل پاکستانی سمندری حدود کی نگرانی کر رہی ہے — ڈان نیوز اسکرین گریب

پاک بحریہ نے ایک مرتبہ پھر بھارتی آبدوز کی پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام بنا دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ 'آئی ایس پی آر' کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ نے مسلسل نگرانی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے باعث 16 اکتوبر کو ایک مرتبہ پھر بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا اور اسے پاکستان کی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روکا۔

سیکیورٹی خدشات کے باعث پاک بحریہ مسلسل پاکستانی سمندری حدود کی نگرانی کر رہی ہے تاکہ ملک کی حدود کا دفاع کیا جاسکے۔

یہ اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جس میں بھارتی نیوی کی آبدوز کا بروقت سراغ لگایا گیا اور اسے پی این لانگ رینج پیٹرول ایئر کرافٹ سے بروقت ہدف بنا کر اسے روک دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ آبدوز کا سراغ پتا لگانا بھارتی نیوی کے انتہائی کمزور، مخدوش میکانزم کا عکاس ہے اور پاک بحریہ کے مادر وطن کے تحفظ کے عزم مصمم کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ نے پاکستانی حدود میں بھارتی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی

واضح رہے کہ 5 نومبر 2019 کو پاک بحریہ نے پاکستان کی سمندری حدود میں بھارتی آبدوز کے داخلے کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا۔

ترجمان پاک بحریہ کا بیان میں کہنا تھا کہ بھارت کو فضائی محاذ کے بعد سمندری محاذ پر بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ پاک بحریہ نے گزشتہ روز اپنے سمندری زون میں موجود بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا اور پاکستان کی سمندری حدود میں اس کے داخلے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ہر دم چوکنا رہتے ہوئے کامیابی سے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اُسے پاکستان کے پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا۔

انہوں نے مزید بتایا تھا کہ پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا۔

مزید پڑھیں: بھارتی آبدوز کی پاکستانی حدود میں داخل ہونے کی کوشش

اس سے قبل 18 نومبر 2016 کو پاک بحریہ نے پاکستانی سمندری علاقے میں بھارتی آبدوز کی موجودگی کا سراغ لگا کر اسے اپنی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ 'پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس نے پاکستان کے سمندری علاقے کے جنوب میں بھارتی آبدوز کی موجودگی کا سراغ لگایا اور اس کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا'۔

بعد ازاں اسی سال دسمبر میں بھارتی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل سنیل لامبا نے پاکستان کے اس دعوے کو ماننے سے انکار کردیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پاک بحریہ نے گزشتہ ماہ کراچی کے قریب سمندری حدود میں بھارتی آبدوزوں کا سراغ لگایا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان کی سمندری حدود 12 ناٹیکل میل تک ہیں جبکہ اس کا خصوصی معاشی زون (ای ای زیڈ) 2015 میں بڑھ کر 2 لاکھ 90 ہزار مربع کلومیٹر ہوگیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 13 جنوری 2025
کارٹون : 12 جنوری 2025