ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بابر اعظم کی نصف سنچری، ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست
پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے وارم اپ میچ میں باؤلرز کی بہترین کارکردگی کے باعث ویسٹ انڈیز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
دبئی میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اوپنر ایک اچھا آغاز کرنے میں ناکام رہے۔
حسن علی نے 12 رنز کے اسکور پر ویسٹ انڈیز کے آندرے فلیچر کو آؤٹ کیا جنہوں نے صرف 2 رنز بنائے تھے۔
ویسٹ انڈیز کے دوسرے اوپنر 30 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، انہیں شاہین شاہ آفریدی نے حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ کروایا۔
عماد وسیم نے ویسٹ انڈیز کو تیسرا نقصان پہنچایا تو گیارھویں اوور میں اسکور 44 رنز تھا جس کے بعد حارث رؤف نے بڑی کامیابی حاصل کی۔
حارث رؤف نے ٹی ٹوئنٹی کے خطرناک بلے باز کرس گیل کی وکٹیں اڑائیں جنہوں نے 30 گیندوں پر صرف 2 چوکوں کی مدد سے 20 رنز کی ایک سست اننگز کھیلی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 130 رنز بنائے۔
شمرون ہیٹمریے نے 28 اور کیرون پولارڈ نے آؤٹ ہوئے بغیر سب سے زیادہ 23 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ایک آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے پُر اعتماد آغاز کرتے ہوئے پہلی وکٹ میں 36 رنز بنائے۔
محمد ضوان آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، وہ 13 رنز بنا کر روی رام پال کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
بابراعظم نے اسکور 94 رنز تک پہنچایا اور اس دوران اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی، جس میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
فخر زمان نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 گیندوں پر ناقابل شسکت 46 رنز بنائے جبکہ محمد حفیظ صفر پر آؤٹ ہوئے۔
شعیب ملک نے آؤٹ ہوئے بغیر 11 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔
پاکستان نے مطلوبہ ہدف بابراعظم کی نصف سنچری کی بدولت 16 ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کرلیا۔