• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاپوا نیو گنی کو شکست، عمان کی فتح

شائع October 17, 2021
میچ میں کامیابی کے بعد عمان کے اوپننگ بلے باز جتیندر سنگھ کا فاتحانہ آغاز— فوٹو:اے ایف پی
میچ میں کامیابی کے بعد عمان کے اوپننگ بلے باز جتیندر سنگھ کا فاتحانہ آغاز— فوٹو:اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ کے افتتاحی میچ میں ذیشان مقصود کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت عمان نے پاپوا نیوگنی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

عمان کے الامارات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔

پاپوا نیوگنی کے دونوں اوپنرز کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے اور صفر پر مہمان ٹیم دونوں وکٹیں گنوا چکی تھی۔

اس مرحلے پر کپتان اسد والا کا ساتھ دینے چارلس امینی آئے اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 81 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

پاپوا نیوگنی کے کپتان اسد والا نے نصف سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی
پاپوا نیوگنی کے کپتان اسد والا نے نصف سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب چارلس 37 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

پاپوا نیوگنی کے کپتان نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیم کی سنچری مکمل کرائی تو اس مرحلے پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ مہمان ٹیم 150 رنز تک بنانے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن ذیشان مقصود کے تباہ کن اسپیل نے پاپوا نیو گنی کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

102 کے مجموعی اسکور پر ذیشان مقصود 56 رنز بنانے کے بعد کلیم اللہ کی دوسری وکٹ بنے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

پاپوا نیو گنی کے لیگا سیاکا کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
پاپوا نیو گنی کے لیگا سیاکا کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

اس کے بعد ذیشان کی عمدہ باؤلنگ کے سبب پاپوا نیوگنی کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔

آخری چھ اوور میں پاپونی گنی نے چھ وکٹیں گنوائی اور صرف 27رنز بنائے۔

عمان کی جانب سے ذیشان مقصود نے 20 رنز دے کر چار وکٹیں لیں جبکہ بلال خان اور کلیم اللہ نے دو، دو وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں عمان کے اوپنرز عاقب الیاس اور جتیندر سنگھ نے جارحانہ انداز اپنایا اور تمام مہمان باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا۔

ذیشان مقصود کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: اے ایف پی
ذیشان مقصود کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو: اے ایف پی

دونوں کھلاڑیوں نے وکٹ کے چاروں جانب بہترین اسٹروکس کھیلے خصوصاً جتیندر کا انداز خاصا جارحانہ تھا جنہوں نے 42 گیندوں پر 73 رنز کی بہترین اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

عمان نے 38 گیندوں قبل ہی بغیر کوئی وکٹ گنوائے ہدف حاصل کر کے میچ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی اور ایونٹ کا کامیابی کے ساتھ آغاز کیا، عاقب الیاس نے 43 گیندوں پر 50رنز بنائے۔

ذیشان مقصود کو ان کی عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں 6 کوالیفائرز اور رینکنگ پر موجود 9ویں اور 10 ویں نمبر کی ٹیمیں بنگلا دیش اور سری لنکا شریک ہوں گی۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ 2007ء میں پاکستان کی کارکردگی پر ایک نظر

مسقط میں کھیلے جانے والے پہلے کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد اسی میدان میں دوسرا میچ بنگلا دیش اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔

17 سے 22 اکتوبر تک جاری رہنے والے اس مرحلے سے 4 ٹیمیں دیگر ٹاپ 8 ٹیموں کو سپر 12 میں جوائن کریں گی۔

خیال رہے کہ 15 اکتوبر کو عالمی ایونٹ ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستانی ٹیم یو اے ای پہنچی تھی۔

پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنی مہم کے آغاز سے قبل دو وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔

گرین شرٹس کا پہلا وارم اپ میچ دفاعی چیمپیئن ویسٹ انڈیز سے 18 اکتوبر کو ہو گا جبکہ دوسرا وارم اپ میچ 20 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ کے کچھ یادگار ترین لمحات

پاکستان کی ٹیم عالمی کپ میں اپنی مہم کا آغاز 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی جس کے بعد دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا جائے گا۔

عالمی کپ میں پاکستان کا تیسرا میچ 29 اکتوبر کو افغانستان سے ہو گا جس کے بعد 31 مارچ کو اگلا میچ کوالیفائر کے خلاف کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا آخری گروپ میچ 7 نومبر کو کوالیفائر کے خلاف کھیلے گی۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

بابر اعظم(کپتان)، شاداب خان، آصف علی، سرفراز احمد، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، شعیب ملک، محمد حفیظ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، شاہین آفریدی اور فخر زمان۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024