• KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:02pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:02pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm

انجری کے سبب صہیب ٹی20 ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر، شعیب ملک کی شمولیت

شائع October 9, 2021
صہیب مقصود 6 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیشنل ٹی 20 کپ کے دوران کمر کی انجری میں مبتلا ہو گئے تھے۔ - فائل فوٹو:پی سی بی
صہیب مقصود 6 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں نیشنل ٹی 20 کپ کے دوران کمر کی انجری میں مبتلا ہو گئے تھے۔ - فائل فوٹو:پی سی بی

صہیب مقصود کمر کی انجری کے باعث پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کو اسکواڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی کہ صہیب مقصود پیٹھ کے پیٹھ کے نچلے حصے میں ایم آر آئی اسکین میں انجری ظاہر ہونے کے بعد آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کیلئے کسی بھی نمبر پر کھیلنے کو تیار ہوں، صہیب مقصود

اس سے قبل 6 اکتوبر کو نیشنل ٹی20 کپ میں ناردرن اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ میں صہیب کی کمر میں تکلیف ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ سینٹرل پنجاب کے خلاف میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔

اس کے بعد ان کا ایم آر آئی اسکین کیا گیا تھا جس کی رپورٹ خراب آنے پر بلے باز کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں نہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور اب انہیں آرام اور انجری سے بحالی کے عمل سے گزرنا پڑے گا۔

34 سالہ مڈل آرڈر بلے باز پانچ سال کے وقفے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کے بعد سے اچھی فارم میں تھے اور انہوں نے دوہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'صہیب کو اوپر کے نمبر پر بھیجا جائے'

اس کے بعد انہوں نے ملتان سلطانز کو اس سال پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے میں بھی مدد دی تھی جس میں 12 اننگز میں انہوں نے پانچ نصف سنچریاں اسکور کیں اور ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ صہیب مقصود کا ٹی20 ورلڈکپ سے باہر ہونا افسوسناک ہے، انہوں نے اس ایونٹ کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ بننے کے لیے بہت محنت کی تھی جس کا ہمیں احساس ہے لیکن انجریز کھیل کا حصہ ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ صہیب مقصود انجری سے بحالی کا عمل مکمل کرنے کے بعد جلد دوبارہ قومی کرکٹ ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ ٹیم سے مشاورت کے بعد ہم نے ان کی جگہ شعیب ملک کو قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے جن کا تجربہ قومی اسکواڈ کے لیے بہت کارگر ثابت ہو گا۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے اسکواڈ میں تین تبدیلیاں، سرفراز کی واپسی

شعیب ملک نے 2007 میں کھیلے گئے پہلے ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت کی تھی جبکہ وہ 2009 ورلڈ کپ کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

اس کے علاوہ انہوں نے 2012، 2014 اور 2016 کے ٹی20 ورلڈکپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستانی اسکواڈ 15 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات روانہ ہوگا اور پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

اس سے قبل پاکستان 18 اور 20 اکتوبر کو بالترتیب ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے خلاف دو وارم اپ میچز کھیلے گا۔

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024