• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کے اسکواڈ میں تین تبدیلیاں، سرفراز کی واپسی

شائع October 8, 2021
ٹی20 ورلڈ کپ کے حتمی اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
ٹی20 ورلڈ کپ کے حتمی اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور اسکواڈ میں 3 تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت سرفراز احمد کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ ترمیم شدہ اسکواڈ میں سرفراز احمد، فخر زمان اور حیدر علی کو شامل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان، سرفراز احمد، شعیب ملک، شرجیل خان ڈراپ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی 20 کپ میں پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیم میں چند اہم تبدیلیاں کی ہیں۔

4 ستمبر کو اعلان کردہ اسکواڈ میں جگہ بنانے والے خوشدل شاہ، اعظم خان اور محمد حسنین ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ سے جاری اعلامیے کے مطابق صہیب مقصود کو اسکواڈ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ میڈیکل پینل سے مشورے کے بعد کیا گیا اور اب وہ بہتر محسوس کررہے ہیں۔

اس سے قبل 6 اکتوبر کو نیشنل ٹی20 کپ میں ناردرن اور سدرن پنجاب کے درمیان میچ میں صہیب کی کمر میں تکلیف ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ سینٹرل پنجاب کے خلاف میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔

اس کے بعد ان کا ایم آر آئی اسکین کیا گیا تھا جس میں رپورٹ درست آنے کے بعد ان کی اسکواڈ میں شمولیت کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ کا شیڈول جاری، پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 24 اکتوبر کو ہوگا

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ نیشنل ٹی20 کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ اور ٹیم مینجمنٹ سے مشاورت کے بعد ہم نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ میں حیدر علی، فخر زمان اور سرفراز احمد کی شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔

s

انہوں نے کہا کہ تینوں ان فارم کھلاڑی اسکواڈ میں تجربے اور ٹیلنٹ کا حسین امتزاج لے کر آئیں گے اور ٹیم کی مضبوطی کا باعث بنیں گے۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ یہ فیصلہ اعظم، خوشدل اور حسنین کے لیے آسان نہیں ہو گا لیکن ان کے پاس اپنے کیریئر میں بہترین کارکردگی کے مزید مواقع بھی آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹی20 کپ میں بہترین اعلیٰ معیاری کھیل پر میں بہت خوش ہوں، اس نے نہ صرف ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ہمیں بہترین پریکٹس فراہم کی بلکہ ہمیں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے کر ٹیم کے حق میں بہتر فیصلہ کرنے کا بھی موقع ملا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے نیشنل ٹی 20 کپ اہمیت کا حامل

یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی معمولی تبدیلی کی گئی ہے اور شاہنواز دھانی اور عثمان قادر کے ساتھ اب خوشدل شاہ ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست کا حصہ ہیں۔

اس سے قبل فخر زمان ریزرو کی فہرست میں تھے لیکن اب فخر زمان کی حتمی اسکواڈ میں شمولیت کے سبب خوشدل کو ریزرو میں شامل کر لیا گیا ہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ سے ہو گا۔

ایونٹ کے تیسرے میچ میں قومی ٹیم 29 اکتوبر کو افغانستان کے مدمقابل ہو گی جس کے بعد 2 اور 7 نومبر کو کوالیفائر ٹیموں سے میچ ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024