ٹی 20 ورلڈ کپ کے آفیشلز کا اعلان، دو پاکستانی امپائرز بھی شامل
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے عمان اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے لیے 20 رکنی میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی کی میڈیا ریلیز کے مطابق آفیشلز پینل میں ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے اور سپر 12 راؤنڈ کے لیے 16 امپائر اور چار میچ ریفری شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل اور فائنل میچز کے آفیشلز کا اعلان مقررہ وقت میں کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ کا شیڈول جاری، پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 24 اکتوبر کو ہوگا
امپائرنگ پینل میں پاکستان کے ایلیٹ امپائر علیم ڈار اور احسن رضا سمیت دنیا بھر سے 14 دیگر میچ آفیشلز شامل ہیں۔
علیم ڈار کے ہمراہ جنوبی افریقہ کے امپائر ماریس ایراسمس اور آسٹریلیا کے راڈ ٹکر کے ساتھ اپنے چھٹے ٹی 20 ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں فرائض انجام دیں گے۔
عالمی ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 24 اکتوبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے مقابلے میں ماریس ایراسمس اور نیوزی لینڈ کے کرس گفنی جبکہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ بون میچ ریفری ہوں گے۔
سری لنکا کے کمار دھرماسینا، جنہوں نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے فائنل کا آغاز کیا تھا، 17 اکتوبر کو عمان اور پاپوا نیو گنی کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ کے افتتاحی میچ کے لیے میچ آفیشل ہوں گے۔
آئی سی سی کے سینئر منیجر برائے امپائرز اینڈ ریفریز ایڈریان گریفتھ کا کہنا ہے کہ 'ہم 16 امپائروں اور چار میچ ریفریوں کے ایک گروپ کے ساتھ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے دنیا کے کچھ اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کر کے خوش ہیں'۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان، سرفراز احمد، شعیب ملک، شرجیل خان ڈراپ
ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارا مقصد ہمیشہ بہترین ممکنہ عہدیداروں کا تقرر کرنا ہے اور ہم تمام میچوں میں غیر جانبدار امپائر اور ریفری بھی مقرر کرنے میں کامیاب رہے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم ان سب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ میچز کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے'۔
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 میں میچ آفیشلز کے نام یہ ہیں:
میچ ریفریز: ڈیوڈ بون، جیف کرو، رنجن مدوگلے، جاواگل سریناتھ۔
امپائرز: کرس براؤن، علیم ڈار، کمار دھرمسینا، ماریس ایراسمس، کرس گفنی، مائیکل گو، ایڈرین ہولڈ اسٹاک، رچرڈ ایلنگ ورتھ، رچرڈ کیٹل بورو، نتن مینن، احسن رضا، پال ریفل، لینگٹن روسری، راڈ ٹکر، جوئل ولسن، پال ولسن۔