• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

حکومت 'پینڈورا پیپرز' میں نامزد تمام شہریوں کی تحقیقات کرے گی، عمران خان

شائع October 3, 2021
رپورٹس کے مطابق پینڈورا پیپرز میں 700 سے زائد پاکستانیوں کے نام سامنے آئے ہیں — فائل فوٹو: اے پی
رپورٹس کے مطابق پینڈورا پیپرز میں 700 سے زائد پاکستانیوں کے نام سامنے آئے ہیں — فائل فوٹو: اے پی

انٹرنیشنل کنسورشیئم آف انویسٹیگیٹو جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) کی جانب سے شائع کیے گئے پینڈورا پیپرز، جس میں پاکستان سمیت دنیا کی بیشتر اہم شخصیات کی جانب سے قائم کی گئیں آف شور کمپنیوں کے بارے میں بتایا گیا ہے، سامنے آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت پینڈورا پیپرز لیکس میں نامزد کیے جانے والے تمام شہریوں سے متعلق تحقیقات کرے گی۔

مزید پڑھیں: 'پینڈورا پیپرز': وزیرخزانہ شوکت ترین، مونس الہٰی سمیت 700 سے زائد پاکستانیوں کے نام

وزیراعظم عمران خان نے پینڈورا پیپرز کے سامنے آنے کے بعد سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی جانے والی سلسلہ وار ٹوئٹس میں کہا کہ 'ہم پینڈورا پیپرز میں امیر افراد کی دولت سے متعلق انکشافات کو خوش آمدید کہتے ہیں، جنہوں نے منی لانڈرنگ، کرپشن اور ٹیکس چوری کرکے مالی پناہ گاہیں حاصل کیں'، انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارے ایف اے سی ٹی آئی کے مطابق 7 کھرب ڈالر کے اثاثہ جات ان آف شور کمپنیوں کے ذریعے قائم کیے گئے۔

ایک اور ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میری دو دہائیوں پر مشتمل جدوجہد کی بنیاد اس یقین پر تھی کہ ممالک غریب نہیں ہیں لیکن بدعنوانی ان ممالک میں غربت کا باعث ہے کیونکہ اس کی وجہ سے سرمایہ کاری کی بنیاد تبدیل ہوجاتی ہے، علاوہ ازیں وسائل کی چوری اس کی کمی کا باعث بنتی ہے اور اس کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کی غربت کے مسائل کے باعث موت ہوجاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'میری حکومت پینڈورا پیپرز میں نامزد ملک کے تمام شہریوں سے متعلق تحقیقات کرے گی اور اگر یہ ثابت ہوا کہ کسی نے غلط کیا ہے تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، میں بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس ناانصافی کے معاملے کو بھی موسمیاتی تبدیلی جیسے بحران کی طرح سنجیدگی سے دیکھا جانا چاہیے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر امیر اور غریب ریاستوں کے درمیان عدم مساوات بغیر کسی نگرانی کے بڑھے گی تو اس سے غربت میں بھی اضافہ ہوگا، اس کے نتیجے میں غریب ممالک سے دولت نکل کر امیر ریاستوں کی جانب جائے گی، جس سے دنیا بھر میں مزید معاشی اور سماجی عدم استحکام پیدا ہوگا۔

خیال رہے کہ کچھ دیر قبل ہی دنیا بھر کی اہم شخصیات کے خفیہ مالیاتی معاملات پر انٹرنیشنل کنسورشیئم آف انویسٹیگیٹو جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) کی ایک بڑی بین الاقوامی تحقیق 'پینڈورا پیپرز' کے نام سے جاری کی تھی جس میں میڈیا رپورٹس کے مطابق 700 سے زائد پاکستانیوں کے نام شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'پینڈورا پیپرز' کیا ہیں؟

رپورٹس کے مطابق پاکستان کے وزیر خزانہ شوکت ترین، مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وزیر آبی امور مونس الہٰی، پاکستان تحریک انصاف (پ یٹی آئی) کے سینیٹر فیصل واوڈا، اسحٰق ڈار کے بیٹے، پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن، وفاقی وزیر خسرو بختیار کے خاندان کے نام اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان جیسے اہم نام سمیت 700 سے زائد پاکستانی شامل ہیں۔

پینڈورا پیپرز میں فوج کے چند ریٹائرڈ عہدیداروں، کاروباری شخصیات، ایگزیکٹ کمپنی کے مالک شعیب شیخ سمیت میڈیا اداروں کے مالکان کے بھی نام آئے ہیں۔

پاکستان سے انگریزی روزنامے دی نیوز انٹرنیشنل کے صحافی عمر چیمہ اور فخر درانی اس تحقیقات کا حصہ تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024