• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

ٹی ٹی پی کے بعض گروپوں سے اعلیٰ سطح پر بات ہو رہی ہے، شیخ رشید

شائع October 2, 2021
وفاقیی وزیر داخلہ شیخ رشید کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز
وفاقیی وزیر داخلہ شیخ رشید کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے اراکین اگر ہتھیار ڈال دیں گے تو ان سے بات ہوسکتی ہے، ابھی بات چیت کا آغاز ہے ضروری نہیں کہ یہ بہتری کی جانب ہی جائیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'ٹی ٹی پی کے بعض گروپوں سے اعلیٰ سطح پر بات چیت ہو رہی ہے، ہم اپنی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے'۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ترک نشریاتی ادارے 'ٹی آر ٹی ورلڈ' کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ٹی ٹی پی کے چند گروپس ہم سے مصالحت کے لیے بات کرنا چاہتے ہیں اور ہم ان گروپس کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ٹی ٹی پی مختلف گروپس پر مشتمل ہے اور ہم ان میں سے چند کے ساتھ ہتھیار ڈالنے اور مصالحت کے حوالے سے بات چیت کر رہے ہیں'۔

عمران خان نے کہا کہ 'ہم ان کے ہتھیار ڈالنے کے بعد انہیں معاف کردیں گے جس کے بعد وہ عام شہریوں کی طرح رہ سکیں گے'۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں متحرک دہشت گرد گروپ نے حکومت کے ساتھ امن کے لیے 20 روز تک دشمنی کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔

سرکاری ذرائع نے کہا کہ حافظ گل بہادر کی قیادت میں شمالی وزیرستان کے شورا مجاہدین گروپ نے دو ہفتے قبل حکومتی مصالحت کاروں سے مذاکرات کے بعد جنگ بندی کا اعلان کیا۔

دہشت گرد گروپ کا کہنا تھا کہ دشمنی کا خاتمہ قبائلی ضلع میں امن کے لیے اس کی 'سنجیدگی' کی عکاسی کرتا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عالمی منظرنامہ بدلنے جارہا ہے اور پاکستان اس میں تاریخی کردار ادا کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کنویں کی مینڈک ہے اور مستقبل کی سیاست گہرے پانیوں کی ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا کو طالبان کی حکومت جلد یا بدیر تسلیم کرنی ہوگی، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ 'امریکا و چین سمیت سب سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں، افغانستان میں ہر قسم کے انسانی بحران میں ان کی مدد کریں گے، دنیا کے ساتھ بھی کھڑے ہیں اور افغانستان کے حالات کے ساتھ بھی کھڑے ہیں'۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'مہنگائی کو کنٹرول کریں گے، ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ ڈالر ہولڈنگ پر کریک ڈاؤن کریں، گزشتہ رات انہوں نے کراچی اور پشاور میں ڈالر پکڑے بھی ہیں'۔

انہوں نے بتایا کہ 'سعودی عرب سے تیل کے حوالے سے بات چیت بھی بہتری کی جانب جارہی ہے، اسی ہفتے نیب کے چیئرمین کا بھی فیصلہ ہوجائے گا'۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'اے پی ایس کے بچوں کو شہید کرنے والے بچوں کا کیس اور نقل مکانی کرنے والوں کا کیس الگ ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: مفاہمتی عمل کے تحت تحریک طالبان پاکستان سے ہتھیار ڈالنے کے لیے بات کررہے ہیں، عمران خان

انہوں نے کہا کہ 'اگر بھارت کشمیر کے بارے میں آرٹیکل 370 'اے' سے پیچھے ہٹ جائے تو ہم کشمیر کے مسئلے سمیت تمام مسائل پر بات چیت کے لیے تیار ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بعض اراکین قومی اسمبلی نے اپنے انگوٹھوں سے شناختی کارڈ جاری کروائے ہیں، اس بات پر پردہ رہنے دیا جائے تو بہتر ہے، عملہ خراب نہیں ہے جو گندے عناصر ہیں انہیں ہم نکالیں گے'۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 'دنیا میں تیل 40 سے 80 ڈالر ہوگیا ہے، مہنگائی کی سب سے زیادہ فکر عمران خان کو ہے، وہ ہر ہفتے اس پر بات کر رہے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کے دشمنوں سے نمٹیں گے اور دہشت گردی کو ختم کرکے دم لیں گے'۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024