رئیل می نے نارزو 50 اے اور نارزو 50 آئی اسمارٹ فونز متعارف کرادیئے
رئیل می نے نارزو 50 سیریز کے 2 نئے اسمارٹ فونز متعارف کرا دیئے ہیں۔
نارزو 50 اے اور نارزو 50 آئی کے بارے میں تفصیلات تو کئی ماہ سے سامنے آرہی تھیں مگر اب کمپنی کی جانب سے انہیں پیش کیا گیا۔
ان فونز میں انٹری لیول اور مڈرینج فیچرز پر توجہ مرکوز کی گئی ہے اور قیمت کو کم رکھا گیا ہے۔
رئیل می نارزو 50 اے
اس فون میں 6.5 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے ایچ ڈی پلس ریزولوشن کے ساتھ دیا گیا ہے جس میں واٹر ڈراپ نوچ میں 8 میگا پکسل کیمرا چھپا ہوا ہے۔
فون کے اندر میڈیا ٹیک کا ہیلیو جی 85 پراسیسر موجود ہے۔
اسی طرح 4 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشن صارفین کو دستیاب ہوں گے جبکہ اسٹوریج میں ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
فون کی ایک خاص بات 6000 ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری ہے جس کے ساتھ 18 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہے۔
نارزو 50 اے میں ایڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج رئیل می یو آئی 2.0 سے کیا گیا ہے۔
دیگر فیچرز میں بیک پر فنگرپرنٹ اسکینر اور ہیڈ فون جیک قابل ذکر ہے۔
فون کی ایک اور خاص بات اس کا 3 کیمروں کا بیک کیمرا سیٹ اپ ہے۔
فون کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے اور یہ پہلی بار ہے جب نارزو سیریز میں اتنا طاقتور کیمرا دیا گیا۔
اس کے علاوہ 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل پورٹریٹ کیمرے اس سیٹ اپ کا حصہ ہیں۔
فون کا 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 156 ڈالرز (26 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) اور 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 170 ڈالرز (28 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔
رئیل می نارزو 50 آئی
اس فون کی اسکرین 50 اے جیسی ہی ہے مگر کیمرا اور کارکردگی کے حوالے سے مختلف ہے۔
فون میں انٹری لیول یونی ایس او سی ایس سی 9863 اے پراسیسر موجود ہے جس کے ساتھ 2 سے 4 جی بی ریم اور 32 سے 64 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔
اسٹوریج میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
فون کے بیک پر 8 میگا پکسل جبکہ فرنٹ پر 5 میگا پکسل کیمرے موجود ہیں۔
5000 ایم اے ایچ بیٹری فون کا حصہ ہے مگر فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود نہیں جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج رئیل یو آئی گو سے کیا گیا ہے۔
اس کا 2 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 101 ڈالرز (17 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا فون 122 ڈالرز (20 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔