بھارتی سپر اسٹار وجے نے والدین و رشتے داروں پر مقدمہ کردیا
بھارتی سپر اسٹار، ڈانسر، گلوکار اور سماجی رہنما 47 سالہ تھلپتھی وجے چندر شیکھر المعروف ’وجے‘ نے اپنے والدین اور رشتے داروں سمیت قریبی ملازمین پر مقدمہ دائر کردیا۔
بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق تھلپتھی وجے نے اپنا نام استعمال کرکے سیاسی پارٹی بنانے، فنڈز اکٹھے کرنے اور لوگوں سے ووٹ مانگنے کے بعد والدین، قریبی رشتے داروں اور سابق قریبی ملازمین پر سول مقدمہ دائر کیا۔
اداکار نے ریاست تامل ناڈو کے چہر چنئی کی کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ ان کے والدین اور رشتے داروں کو ان کا نام استعمال کرنے سے روکا جائے۔
دائر کیے گئے مقدمے میں کسی ہرجانے کا دعویٰ دائر نہیں کیا گیا، البتہ والدین، رشتے داروں اور سابق قریبی ملازمین کو اداکار کا نام استعمال کرکے سیاست کرنے سے روکنے کی اپیل کی گئی۔
اسی حوالے سے ’انڈین ایکسپریس‘ نے بتایاکہ وجے نے والد فلم ساز ایس اے چندر شیکھر اور والدہ شوبھا چندر شیکھر سمیت مجموعی طور پر 11 افراد کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔
اداکار نے ایک ایسے وقت میں والدین اور رشتے داروں کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے جب کہ آئندہ ماہ اکتوبر میں تامل ناڈو میں مقامی انتخابات ہونے ہیں۔
اداکار کو خدشہ ہے کہ ان کے والدین، رشتے دار اور سابق قریبی ملازمین ان کا نام استعمال کرکے سیاسی جلسے کرکے لوگوں سے فنڈز اور ووٹ مانگیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اداکار کے والد فلم ساز ایس اے چندر شیکھر نے نومبر 2020 میں بیٹے کے نام پر الیکشن کمیشن آف انڈیا میں سیاسی جماعت ’آل انڈیا تھلپتھی وجے مکل لیاکم‘ نامی پارٹی رجسٹرڈ کروائی تھی۔
مذکورہ پارٹی میں صدر کے لیے سپر اسٹار وجے کے والد نے اپنا نام دیا تھا جب کہ اہلیہ شوبھا کا نام بھی خزانچی کے طور پر دیا تھا۔
سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے بعد والدین نے اداکار کی تصاویر اور پوسٹرز کا استعمال کرکے جلسے بھی کیے جب کہ چندہ مہم بھی چلائی، جس کے بعد وجے نے والدین کے خلاف بھی مقدمہ دائر کردیا۔
تھلپتھی وجے کی درخواست پر رواں ماہ ستمبر کے آخر تک سماعت ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ وجے، جنوبی بھارتی سینما کے سپر اسٹار ہیں، انہوں نے چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کیا اور اب تک 6 درجن کے قریب تیلگو فلموں میں کام کر چکے ہیں۔
وجے نہ صرف اداکار ہیں بلکہ انہیں بطور ڈانسر بھی شہرت حاصل کی ہے اور ان کے کئی ڈانس اسٹائل بھارت سے باہر چین، رومانیہ، بلغاریہ اور دیگر یورپی ممالک میں مشہور ہوئے۔
وجے نے 1999 میں سری لنکن تامل خاتون سنگیتا سومالنگم سے شادی کی اور ان کے دو بچے بھی ہیں۔
وجے اداکاری، گلوکاری اور ڈانس کے علاوہ سماجی کاموں میں بھی پیش پیش ہوتے ہیں اور انہوں نے دو سے تین سماجی تنظیمیں بھی بنا رکھی ہیں جو مختلف طرح کے سماجی کام سر انجام دیتی ہیں۔
وجے کی سماجی تنظیموں کا زیادہ تر کام جنوبی بھارت میں ہوتا ہے لیکن وہ دور دراز کی بھارتی ریاستوں میں بھی کام کرتی ہیں۔