• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ٹی20 ورلڈ کپ: اسٹوکس اور آرچر کے بغیر انگلش اسکواڈ کا اعلان

شائع September 10, 2021
بین اسٹوکس ذہنی مسائل کے سبب کھیل سے غیر معینہ مدت تک کے لیے کنارہ کشی اختیار کر چکے ہیں— فوٹو: رائٹرز
بین اسٹوکس ذہنی مسائل کے سبب کھیل سے غیر معینہ مدت تک کے لیے کنارہ کشی اختیار کر چکے ہیں— فوٹو: رائٹرز

انگلینڈ نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور اوئن مورگن کی زیر قیادت اسکواڈ میں اسٹار کھلاڑیوں بین اسٹوکس اور جوفرا آرچر کو شامل نہیں کیا گیا۔

2019 ورلڈ کپ کی چیمپیئن انگلینڈ کی نظریں اس سال ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے پر موکوز ہیں تاکہ وہ بیک وقت دونوں طرز کے ورلڈ کپ جیتنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن جائیں۔

تاہم انگلینڈ کی یہ مہم شروع ہونے سے قبل ہی شکوک و شبہات کا شکار ہو گئی ہے کیونکہ انگلینڈ کو 2019 میں ورلڈ کپ جتوانے میں سب سے اہم کردار ادا کرنے والے دونوں کھلاڑی بین اسٹوکس اور جوفرا آرچر کی خدمات ٹیم کو اس ایونٹ میں حاصل نہیں ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 ورلڈ کپ کا شیڈول جاری، پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 24 اکتوبر کو ہوگا

فاسٹ باؤلر آرچر رواں سال کے آغاز میں دورہ بھارت پر کہنی کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور اس کے بعد سرجری کرانے کے باوجود اب تک صحتیاب نہیں ہو سکے اور بقیہ سال بھی انگلینڈ کی ٹیم کو میسر نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب بین اسٹوکس ذہنی مسائل کے باعث کھیل سے غیر معینہ مدت تک کے لیے کنارہ کشی اختیار کر چکے ہیں اور اسی وجہ سے ان کی سلیکشن کو بھی زیر غور نہیں لایا گیا، البتہ اگر اسٹار آل راؤنڈر اگلے ایک ماہ میں رضامندی ظاہر کرتے ہیں تو 10 اکتوبر سے قبل حتمی اسکواڈ کے اعلان سے قبل انہیں فائنل دستے میں شامل کر لیا جائے گا۔

آرچر کی جگہ ٹائمل ملز کو انگلش اسکواڈ میں طلب کیا گیا ہے جنہوں نے آخری مرتبہ اس فارمیٹ میں 2017 میں انگلینڈ کی نمائندگی کی تھی جبکہ اسٹوکس کی غیر موجودگی نے کرس ووکس کی پانچ سال بعد ٹی20 اسکواڈ میں شمولیت کی راہ ہموار کی۔

متحدہ عرب امارات میں اسپنرز کے لیے سازگار وکٹوں کو دیکھتے ہوئے معین علی اور عادل رشید کو اسپن کا شعبہ سونپا گیا ہے، جن کا ساتھ نبھانے کے لیے آل راؤنڈر لیام لیونگسٹن موجود ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان، سرفراز احمد، شعیب ملک، شرجیل خان ڈراپ

اسکواڈ میں خالی بلے باز کی واحد جگہ کو پُر کرنے کے لیے سیم بلنگز کی خدمات دوبارہ حاصل کی گئی ہیں لیکن ان کو موقع ملنے کا امکان نظر نہیں آتا کیونکہ بیٹنگ لائن میں جیسن روئے، مورگن، جونی بیئراسٹو، ڈیوڈ ملان اور جوز بٹلر جیسے بلے باز موجود ہوں گے۔

فاسٹ باؤلنگ میں ڈیوڈ ولی کے ساتھ مارک وُڈ، کرس ووکس، ٹائمل ملز، سیم کرن اور ٹی20 میں انگلینڈ کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کرس جورڈن موجود ہیں۔

اس وقت عالمی نمبر ایک کے منصب پر موجود انگلینڈ کی ٹیم کو 2016 میں کھیلے گئے آخری ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں آخری اوور میں اس وقت شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کارلوس بریتھ ویٹ نے بین اسٹوکس کو لگاتار چار چھکے لگا کر کیریبیئنز کو عالمی چیمپیئن بنوایا تھا۔

ورلڈ کپ کے لیے انگلش اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

اوئن مورگن(کپتان)، جیسن روئے، ڈیوڈ ملان، جونی بیئراسٹو، جوز بٹلر، لیام لیونگسٹن، سیم بلنگز، معین علی، کرس ووکس، کرس جورڈن، عادل رشید، سیم کرن، ڈیوڈ ولی، ٹامل ملز اور مارک وڈ۔

ریزرو

ٹام کرن، لیام ڈاسن اور جیمز ونس

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024