• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بیٹوں کی بہتر پرورش کیلئے ثروت گیلانی کی جانب سے ’گوگل‘ کا استعمال

شائع September 9, 2021
گوگل پر ہر طرح کی معلومات دستیاب ہے، اداکارہ—اسکرین شاٹ
گوگل پر ہر طرح کی معلومات دستیاب ہے، اداکارہ—اسکرین شاٹ

’میری ذات ذرا بے نشان، عشق کی انتہا، عشق گم شدہ، تشنگی، دل منتظر اور سیتا باگڑی‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی ثروت گیلانی کا کہنا ہے کہ انہوں نے بیٹوں کی بہتر پرورش کے لیے ’گوگل‘ سے اٹھائی گئی معلومات سے استفادہ حاصل کیا۔

ثروت گیلانی نے فہد مرزا سے 2014 میں شادی کی تھی اور ان کے دو بیٹے ہیں۔

اداکارہ ماضی میں بھی بچوں کی بہتر پرورش سے متعلق باتیں کر چکی ہیں لیکن حال ہی میں انہوں نے مومنا سبطین کے شو ’مومنا مکس پلیٹ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بچوں کی پرورش سے متعلق کھل کر باتیں کیں۔

پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں ثروت گیلانی نے معروف فلمی و ڈراموں کے ڈائلاگز پر بولڈ اور رومانوی انداز میں آڈیشن بھی دیے۔

انہوں نے پیرا اولمپکس سے متعلق بھی باتیں کیں اور کہا کہ پاکستان میں معذور ایتھلیٹس تو دور کی بات ہے یہاں عام ایتھلیٹس پر ہی توجہ نہیں دی جاتی۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں انہوں نے معذور ایتھلیٹس کے لیے برانڈ ایمبیسیڈر کی خدمات اس لیے سر انجام دیں، کیوں کہ وہ ایک جانی پہچانی شخصیت ہیں اور انہیں لگا کہ وہ جو باتیں کریں گی، ان کا اثر ہوگا۔

پروگرام کے دوران انہوں نے اپنی کامیاب ویب سیریز ’چڑیلز‘ کا ایک واقعہ بھی بتایا اور انکشاف کیا کہ مذکورہ سیریز کے ایک سین کی شوٹنگ میں ان کا حقیقی خون استعمال کیا گیا۔

ثروت گیلانی کے مطابق ’چڑیلز‘ کے ایک سین میں انہیں چیزوں کو آگے پیچھے غصے سے پھینکنا ہوتا ہے اور اسی دوران ایسا کرنے سے ان کی انگلی کٹ جاتی ہے اور ان کا خون بہنے لگتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لازمی نہیں کہ ہر بار لڑکا ہی اظہارِ محبت کرے، ثروت گیلانی

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی انگلی سے خون بہنے پر پوری ٹیم کے لوگ پریشان ہوگئے لیکن وہ، کیمرہ مین اور ہدایت کار سین کو مکمل کرنے میں مصروف رہے اور انہوں نے حقیقی خون کے ساتھ منظر شوٹ کروایا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تصدیق کی کہ وہ جلد ہی فلم ساز مہرین جبار کی ویب سیریز سمیت ایک فلم میں بھی ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

بچوں اور خصوصی طور پر بیٹوں کی بہتر پرورش کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ثروت گیلانی نے کہا کہ بہت سارے والدین ان سے پوچھتے رہتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں سے مختلف مسائل پر کیسے بات کریں اور کس طرح ان کی پرورش کریں؟

اداکارہ کے مطابق چڑیلز کے سین میں ان کے اصلی خون کو استعمال کیا گیا—پرومو فوٹو
اداکارہ کے مطابق چڑیلز کے سین میں ان کے اصلی خون کو استعمال کیا گیا—پرومو فوٹو

ثروت گیلانی کے مطابق انہیں بھی بچوں اور خصوصی طور پر بیٹوں کی بہتر پرورش کی فکر تھی مگر انہوں نے ’گوگل‘ کی مدد سے اپنا مسئلہ حل کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بیٹوں کی بہتر پرورش سے متعلق ’گوگل‘ پر ہدایات ڈھونڈیں اور انہیں بہت اچھے تحقیقی مضامین مل گئے، جن سے انہیں کافی مدد ملی۔

ثروت گیلانی کا کہنا تھا کہ کتابوں پر موجود باتیں بھی ’گوگل‘ پر موجود ہیں اور انٹرنیٹ پر بیٹوں کی بہتر پرورش سے متعلق ہر معلومات دستیاب ہے۔

مزید پڑھیں: ثروت گیلانی کی ’چڑیلز‘ کے چرچے

ان کے مطابق انہوں نے ’گوگل‘ سے یہ تک معلومات حاصل کیں کہ بچوں کو کس طرح گھریلو ملازمین کے ساتھ بات کرنی چاہیے، کس طرح وہ والدین کو ملازمین کے برتاؤ سے آگاہ کریں۔

ثروت گیلانی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ’گوگل‘ سے یہ بھی سیکھا کہ بچوں کو بڑوں کے ساتھ کس طرح پیش آنا چاہیے اور وہ کیسے کسی لڑکی یا خاتون کے لیے دروازہ کھولیں۔

انہوں نے باقی والدین کو بھی تجویز دی کہ وہ بھی بچوں کی بہتر تربیت کے لیے ’گوگل‘ کا استعمال کریں۔

خیال رہے کہ ثروت گیلانی نے 2014 میں اداکار فہد مرزا سے شادی کی تھی اور ان کے ہاں پہلے بیٹے روہان مرزا کی پیدائش 2015 میں ہوئی تھی۔

جوڑے کے ہاں دوسرے بیٹے اریز محمد مرزا کی پیدائش جون 2017 میں ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024