جرمن حکومت کا وہ منصوبہ جو اسمارٹ فونز صنعت کو بدل کر رکھ دے گا
کمپنیوں کی جانب سے فلیگ شپ اسمارٹ فونز میں عموماً 2 یا 3 سال تک سافٹ ویئر اور سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کی جاتی ہے جبکہ کم قیمت ڈیوائسز کے لیے تو ایسی سہولت ہی دستیاب نہیں ہوتی۔
آسان الفاظ میں فلیگ شپ فونز کی عمر 2 سے 3 سال اور کم قیمت یا مڈرینج فونز کی اس سے بھی کم ہوتی ہے۔
مگر جرمنی اس کو بدلنے کا خواہشمند ہے اور اگر اس کا منصوبہ کامیاب ہوگیا تو اسمارٹ فونز کی صنعت بدل کر رہ جائے گی۔
ایک رپورٹ کے مطابق جرمن حکومت کی جانب سے ایسے قوانین کو تجویز کیا گیا ہے جس کے تحت کمپنیوں کو اسمارٹ فونز کے لیے 7 برس تک لازمی سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کرنے کا پابندی بنایا جائے گا۔
سیکیورٹی اپ ڈیٹس کے ساتھ جرمن حکومت کی جانب سے مرمت کے لیے سپورٹ کو بھی بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔
انتظامیہ کی تجویز ہے کہ اگر کسی ڈیوائس کو مرمت کی ضرورت ہوتی ہے تو اس کے پرزے آسانی سے مناسب داموں میں دستیاب ہونے چاہے۔
جرمن حکومت سے قبل یورپی یونین کی جانب سے 5 سال تک اپ ڈیٹس کی تجویز دی گئی تھی۔
دوسری جانب ٹیک ایڈوائزری گروپ ڈیجیٹل یورپ جس میں سام سنگ، ایپل اور گوگلل جیسی کمپنیاں رکن ہیں، کی جانب سے زور دیا جارہا ہے کہ ڈیوائسز کے لیے سیکیورٹی اپ ڈیٹس کی حد 3 سال تک ہونی چاہیے۔
بیشتر کمپنیوں کی جانب سے زیادہ سے زیادہ 3 سال تک ہی سپورٹ فراہم کی جاتی ہے مگر سام سنگ نے 4 سال تک سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
کمپنیوں کی جانب سے زیادہ سے زیادہ ڈیوائسز کو پیش کیا جارہا ہے اور اسی لیے وہ کم مدت تک سپورٹ فراہم کرنے کی خواہشمند ہیں تاکہ لوگ جلد پرانے فون کی جگہ کوئی نیا فون خریدنے پر غور کریں۔
یورپی یونین کی 5 سال تک اپ ڈیٹس فراہم کرنے کی پالیسی 2023 تک متعارف کرائے جانے کا امکان ہے مگر جرمنی کا منصوبہ اس سے بھی زیادہ بہتر ہے۔