• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

رمیز راجا، اسد علی خان پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے اراکین نامزد

شائع August 27, 2021
دونوں کے تقرر کا نوٹیفکیشن وزارت بین الصوبائی رابطہنے جاری کیا—تصاویر:  اے ایف پی، پی سی بی ویب سائٹ
دونوں کے تقرر کا نوٹیفکیشن وزارت بین الصوبائی رابطہنے جاری کیا—تصاویر: اے ایف پی، پی سی بی ویب سائٹ

معروف کمنٹیٹر اور سابق کرکٹر رمیز راجا اور اسد علی خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز کا رکن نامزد کردیا گیا۔

وزارت بین الصوبائی رابطہ سے جاری نوٹفکیشن کے مطابق وزیراعظم نے بحیثیت پیٹرن اِنچیف پی سی بی رمیز راجا اور اسد علی خان کو 3 سال کی مدت کے لیے بورڈ آف گورنر کا رکن نامزد کردیا۔

گورننگ بورڈ میں وزیر اعظم کی جانب سے نامزدگیوں کی بعد چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا جس میں رمیز راجا کو چیئرمین پی سی بی منتخب کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:رمیز راجا کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بنانے کا فیصلہ

خیال رہے کہ سابق کپتان رمیز راجا کرکٹ انتظامیہ میں نئے نہیں ہیں اس سے قبل وہ اگست 2004 میں عہدہ چھوڑنے سے قبل تک بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے پی سی بی میں کام کرچکے ہیں۔

—نوٹیفکیشن کا عکس
—نوٹیفکیشن کا عکس

رپورٹ کے مطابق جسٹس (ر) عظمت سعید بحیثیت الیکشن کمشنر پی سی بی کے 36ویں چیئرپرسن کے عہدے کے لیے انتخاب کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجا نے بطور چیئرمین پی سی تقرر کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے تعیناتی کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب پی سی بی کی جانب سے جاری ایک بیان میں تصدیق کی گئی تھی کہ احسان مانی چیئرمین پی سی بی کا عہدہ چھوڑدیں گے، ان کا کہنا تھا کہ وہ دوسری مدت کے لیے یہ ذمہ داری نہیں نبھائیں گے۔

مزید پڑھیں: نئے چیئرمین کے آتے ہی پی سی بی میں اکھاڑ پچھاڑ شروع

احسان مانی کو 3 سال قبل وزیر اعظم نے پی سی بی کے بورڈ آف گورنر کا رکن تعینات کیا تھا اور نجم سیٹھی کے مستعفی ہونے کے بعد وہ ستمبر 2018 میں چیئرمین پی سی بی منتخب ہوئے تھے۔

احسان مانی نے بیان میں کہا کہ ’میں گزشتہ 3 سال سے حمایت پر پی سی بی کے پیٹرن وزیراعظم عمران خان اور پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے ساتھیوں کا شکر گزار ہوں، ہم نے ایک قابل اعتماد، شفاف اور پیشہ ور ادارہ بننے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔

خیال رہے 59 سالہ رمیز راجا، مرحوم کرکٹر وسیم راجا کے چھوٹے بھائی ہیں جنہوں نے 57 ٹیسٹ اور 198 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024