• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بختاور بھٹو کا عوامی مقامات پر بغیر فیملی کے مردوں کے داخلے پر پابندی کا مطالبہ

شائع August 23, 2021
بختاور بھٹو کے مطابق خواتین کی حفاظت کے لیے مزید خواتین کی ضرورت ہے—فائل فوٹو: فیس بک
بختاور بھٹو کے مطابق خواتین کی حفاظت کے لیے مزید خواتین کی ضرورت ہے—فائل فوٹو: فیس بک

سابق صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے عوامی مقامات پر فیملی کے بغیر مردوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔

خیال رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر گریٹر اقبال پارک میں خاتون ٹک ٹاکر کو سیکڑوں افراد کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے واقعے پر غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

علاوہ ازیں خواتین کو ہراساں کرنے کی مزید ویڈیوز سامنے آنے کے بعد اس حوالے سے سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔

صحافی سبین آغا کی جانب سے عوامی مقامات پر ہراساں کرنے کا ایک واقعہ بیان کرنے پر بختاور بھٹو نے عوامی مقامات پر اہل خانہ کے بغیر مردوں کے داخلے پر پابندی کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں: ‘نوٹس بہت لے لیے، اب کچھ کریں’ شوبز شخصیات کا وزیر اعظم سے مطالبہ

بختاور بھٹو نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ یہ ایک اور تکلیف دہ واقعہ ہے، پولیس نے دیکھنے کے باوجود بھی مدد سے انکار کیا جبکہ ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے ہتھیاروں کا استعمال کیا جاسکتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مقامات پر مردوں کے داخلے پر پابندی عائد کی جانی چاہیے، خواتین کی حفاظت کے لیے مزید خواتین کی ضرورت ہے۔

بعدازاں آج (23 اگست کو) شیئر کی گئی ایک اور ٹوئٹ میں بختاور بھٹو نے کہا کہ وہ عوامی مقامات پر اہل خانہ کے بغیر مردوں کے داخلے پر پابندی کے مطالبے پر ابھی بھی قائم ہیں۔

بختاور بھٹو نے کہا کہ مردوں کو بہنوں، ماؤں، بیٹیوں اور بیویوں کے بغیر عوامی مقامات پر جانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے، شاید وہ اس طرح خواتین پر حملہ کرنے سے قبل 2 بار سوچیں گے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ خواتین پر پے در پے بڑھتے ہوئے حملوں کو روکنے کا اس سے بہتر کوئی آپشن نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: یوم آزادی پر خاتون کو ہراساں کرنے والے سیکڑوں افراد کے خلاف مقدمہ درج

خیال رہے کہ 14 اگست کو خاتون کو مینار پاکستان کے قریب یوم آزادی کے موقع پر سیکڑوں افراد نے ہراساں کیا تھا، جس کے بعد مذکورہ واقعے کی 17 اگست کو فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی تھی۔

لاہور میں لاری اڈہ تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ یوم آزادی کے موقع پر 6 ساتھیوں کے ہمراہ مینار پاکستان کے قریب ویڈیو بنا رہی تھیں کہ 300 سے 400 لوگوں نے ان سب پر حملہ کر دیا۔

ایف آئی آر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 354 اے (عورت پر حملے یا مجرمانہ طریقے سے طاقت کا استعمال اور کپڑے پھاڑنا)، 382 (قتل کی تیاری کے ساتھ چوری کرنا، لوٹ کی نیت سے نقصان پہنچانا)، 147 (فسادات) اور 149 کے تحت درج کی گئی تھی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024