• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

حقائق کوغلط دکھانے پر خلیجی ممالک میں ’بیل باٹم‘ پر پابندی

شائع August 21, 2021
فلم کو بھارت کی بھی بعض ریاستوں میں ریلیز نہیں کیا جا سکا—اسکرین شاٹ
فلم کو بھارت کی بھی بعض ریاستوں میں ریلیز نہیں کیا جا سکا—اسکرین شاٹ

بولی وڈ ’کھلاڑی‘ اکشے کمار کی فلم ’بیل باٹم‘ کو بھارت سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سینما گھروں میں ریلیز کردیا گیا مگر خلیجی ممالک نے اس پر پابندی عائد کردی۔

’نیوز 18‘ کے مطابق ’بیل باٹم‘ میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے الزام میں بولی وڈ فلموں کی اہم ترین مارکیٹوں میں شمار ہونے والے ممالک سعودی عرب، قطر اور کویت نے اس پر پابندی عائد کردی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ تینوں خلیج ممالک نے فلم میں حقائق کو غلط انداز میں پیش کرنے کی وجہ سے اس پر پابندی عائد کی۔

رپورٹ کے مطابق اکشے کمار کی فلم کے آخری حصے میں بھارت کے ہائی جیک ہونے والے طیارے کو پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شہر دبئی لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور اس میں اماراتی وزارت دفاع کا کردار بھی دکھایا گیا ہے۔

لارا دتہ فلم میں اندھرا گاندھی کے کردار میں دکھائی دیتی ہیں—اسکرین شاٹ
لارا دتہ فلم میں اندھرا گاندھی کے کردار میں دکھائی دیتی ہیں—اسکرین شاٹ

ساتھ ہی فلم میں یہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ ہائی جیک ہونے والے طیارے کو بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس نے تن تنہا ہوشیاری سے آزاد کروایا اور خلیجی ممالک کا اس میں کوئی کردار ہی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'اندرا گاندھی' کے کردار سے لارا دتہ بڑی اسکرین پر واپسی کیلئے تیار

حقائق کو غلط انداز میں پیش کرنے کے الزامات کی وجہ سے ہی تینوں خلیجی ممالک نے فلم کو اپنے ممالک میں ریلیز ہونے کی اجازت نہیں دی جب کہ ممکنہ طور پر دیگر عرب اور مشرق وسطی ممالک میں بھی اس کی نمائش پر پابندی لگائی جائے گی۔

فلم میں عرب افراد کو بھی قدرے غلط انداز میں پیش کیا گیا ہے جب کہ دیگر پڑوسی ممالک کو بھی معاملے میں گھسیٹنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ہما قریشی بھی فلم کا حصہ ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ہما قریشی بھی فلم کا حصہ ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

’بیل باٹم‘ کی کہانی 1980 کے بعد بھارت میں اٹھنے والی سکھ افراد کی آزادی پسند تحریک ’خالصتان‘ کے جنگجووں کی جانب سے مقامی طیارے کو ہائی جیک کرنے کے سچے واقعے کے گرد گھومتی ہے۔

مزید پڑھیں: والد اندرا گاندھی کے ذاتی پائلٹ تھے، ان کے قصے سن کر بڑی ہوئی ہوں، لارا دتہ

سکھ آزادی پسند جنگجووں نے 1984 میں دہلی سے امرتسر جانے والی انڈین ایئرلائن کی پرواز کو ہائی جیک کرلیا تھا۔

فلم میں اکشے کمار کمار نے بھارتی خفیہ ادارے ’را‘ کے ماہر جاسوس ’بیل باٹم‘ کا کردار ادا کیا ہے جب کہ وانی کپور ان کی اہلیہ اور ہما قریشی ان کی ساتھی کے روپ میں دکھائی دیتی ہیں۔

رنجیت ایم تواری کی ہدایت کردہ فلم میں لارا دتہ اس وقت کی بھارتی وزیر اعظم اندرا گاندھی کے روپ میں دکھائی دیتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024