90 ہرٹز ڈسپلے اور 50 میگا پکسل مین کیمرے سے لیس ریڈمی 10
شیاؤمی کی ذیلی کمپنی ریڈمی نے اپنا اسمارٹ فون متعارف کرا دیا ہے۔
ریڈمی 10 میں پہلے کے مقابلے میں کافی کچھ اپ ڈیٹ کیا گیا ہے اور انٹری لیول فون ہونے کے باوجود مڈرینج فونز کے فیچرز سے لیس ہے۔
یہ اس سیریز کا پہلا فون ہے جس میں ہائی ریفریش ریٹ ڈسپلے دیا گیا ہے۔
فون میں 6.5 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ ہے جس کے ساتھ 60 ہرٹز اور 45 ہرٹز موڈز بھی موجود ہیں۔
یہ اس سیریز کا پہلا فون ہے جس میں میڈیا ٹیک کا ہیلیو جی 88 پراسیسر دیا گیا ہے تاکہ ریزولوشنز زیادہ بہتر کیے جاسکیں۔
فون کے اندر 5000 ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری 18 واٹ وائرڈ اور 9 واٹ ریورس چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے۔
کم قیمت فون ہونے کے باوجود کمپنی نے اس کے ساتھ 22.5 واٹ چارجر باکس میں دیا ہے۔
4 سے 6 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشنز فون میں موجود ہیں۔
اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ایم آئی یو آئی 12.5 سے کیا گیا ہے جبکہ ڈوئل اسپیکرز اور ہیڈفون جیک دیگر نمایاں فیچرز ہیں۔
فون کی ایک خاص بات اس کا بیک کیمرا سیٹ اپ ہے جس میں پہلی بار بہت طاقتور مین کیمرا دیا گیا ہے۔
فون کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ، 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرے موجود ہیں۔
فون کے فرنٹ پر پنچ ہول ڈیزائن میں 8 میگا پکسل کیمرا چھپا ہوا ہے۔
اس فون کو سب سے پہلے ملائیشیا میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے جس کا 4 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 180 ڈالرز (29 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔
6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے فون کے لیے 220 ڈالرز (36 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرنا ہوں گے۔