• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ٹی20 ورلڈ کپ کیلئے آسٹریلیا کے تجربہ کار اور مضبوط اسکواڈ کا اعلان

شائع August 19, 2021
ٹی20 ورلڈ کپ میں ایرون فنچ آسٹریلیا کی قیادت کریں گے— فائل فوٹو: رائٹرز
ٹی20 ورلڈ کپ میں ایرون فنچ آسٹریلیا کی قیادت کریں گے— فائل فوٹو: رائٹرز

آسٹریلیا نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے اور اسکواڈ کی قیادت ایرون فنچ کریں گے۔

گھٹے کی سرجری کی وجہ سے فنچ کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شمولیت پر سوالیہ نشان لگا ہوا تھا لیکن انہوں نے اپنی فٹنس بحال کر کے عالمی ایونٹ میں آسٹریلیا کی قیادت کا تاج سر پر سجایا۔

متحدہ عرب امارات کی اسپنرز کے لیے سازگار وکٹوں کو دیکھتے ہوئے آسٹریلیا نے اسکواڈ میں ایڈم زامپا اور ایشٹن ایگار کے ساتھ ساتھ مچل سویپسن کو بھی شامل کیا ہے۔

بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں آسٹریلیا نے اپنے متعدد اہم کھلاڑیوں کو آرام کا موقع فراہم کیا تھا اور ان دونوں سیریز میں کینگروز کو شکست فاش ہوئی تھی۔

تاہم اب اسکواڈ میں ڈیوڈ وارنر، اسٹیون اسمتھ، گلین میکسویل، مارکس اسٹوئنس، پیٹ کمنز اور کین رچرڈسن سمیت تمام اہم کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے۔

وکٹ کیپر بلے باز ایلکس کیری کی ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے دوروں میں ناکامی اور 8 اننگز میں صرف 57 رنز کو دیکھتے ہوئے آسٹریلیا نے ان کی جگہ جوش انگلس کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے جنہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔

آسٹریلیا چیئرمین آف سلیکٹرز نے کہا کہ جوش انگلس ایک عرصے سے ہماری نظر میں تھے اور حال ہی میں وائیٹالٹی بلاسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنا کر وہ اسکواڈ میں جگہ پانے کے حقدار تھے اور ان کی شمولیت سے اسکواڈ ایک متوازن شکل اختیار کر جائے گا۔

وائٹالٹی بلاسٹ میں لیسٹرشائر کی نمائندگی کرنے والے جوش نے 48.27 کی اوسط اور 175 کے اسٹرائیک ریٹ سے سب سے زیادہ 531 رنز بنائے۔

گزشتہ دونوں دوروں سے دستبردار ہونے والے جھائے رچرڈسن کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا جبکہ ڈینیئل سیمز کے ساتھ ساتھ ڈین کرسچن اور نیتھن ایلس کو ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر فہرست کا حصہ بنایا گیا ہے۔

2020 کے اوائل میں عالمی نمبر ایک ٹی20 ٹیم کے منصب پر فائز ہونے والی آسٹریلیا کو گزشتہ پانچ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن ان میں سے نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے خلاف انہوں نے تجربہ کار کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا تھا۔

جیارج بیلی نے کہا کہ ہم اس اسکواڈ کے حوالے سے پراعتماد ہیں کہ یہ ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا، ہمارے پاس شاندار تجربے کے حامل دنیا کے چند بہترین کھلاڑیوں کا امتزاج ہے جس کی بدولت ہم دنیا کی بہترین ٹی20 ٹیموں کو شکست دے سکتے ہیں۔

ٹی20 ورلڈ پک کے لیے آسٹریلیا کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

ایرون فنچ(کپتان)، ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، گلین میکسویل، مچل مارش، میتھیو ویڈ، ایشٹن ایگار، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، کین رچرڈسن، ایڈم زامپا، جوش ہیزل وڈ، مارکس اسٹوئنس، مچل سویپسن اور جوش انگلس۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024