والد اندرا گاندھی کے ذاتی پائلٹ تھے، ان کے قصے سن کر بڑی ہوئی ہوں، لارا دتہ
بولی وڈ اداکارہ اور سابق مس یونیورس لارا دتہ نے انکشاف کیا ہے ان کے والد بھارت کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے ذاتی پائلٹ تھے اور وہ ان کے قصے سن کر بڑی ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ لارا دتہ اپنی آنے والی فلم 'بیل باٹم' میں سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کررہی ہیں۔
پنک ولا کو دیے گئے انٹرویو میں لارا دتہ نے انکشاف کیا کہ ان کے والد ونگ کمانڈر ایل کے دتہ بھارت کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے ذاتی پائلٹ تھے۔
مزید پڑھیں: 'اندرا گاندھی' کے کردار سے لارا دتہ بڑی اسکرین پر واپسی کیلئے تیار
لارا دتہ نے بتایا کہ ان کے والد نے اندرا گاندھی کا جہاز کئی بار اڑایا تھا اور انہیں ذاتی طور پر جانتے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے والد سے اندرا گاندھی کے قصے سن کر ہی بڑی ہوئی ہوں۔
بولی وڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ فلم میں اندرا گاندھی کا کردار نبھانے سے قبل ہی اس کردار سے بالواسطہ طور پر ایک ذاتی تعلق کو محسوس ہوا۔
فلم میں اندرا گاندھی کے روپ میں نظر آنے سے متعلق انہوں نے کہا کہ اس پورے عمل میں صبح میں 3 گھنٹے لگتے تھے اور شفٹ ختم ہونے کے بعد ایک گھنٹہ لگتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ انہیں صبح جلد اٹھنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوتا تو ان کے لیے زیادہ مشکل نہ ہوئی ویسے بھی وہ پہلے ہی 13 فلموں میں اکشے کمار کے ساتھ کام کرچکی ہیں۔
لارا دتہ نے گزشتہ روز ایک ویڈیو بھی شیئر کی تھی جس میں انہیں اندرا گاندھی کا انداز اپناتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اکشے کمار نے فلم کا معاوضہ کم لینے کی خبروں کو مسترد کردیا
ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا تھا کہ 'میں نے کبھی تصور نہیں کیا تھا کہ میں کسی اہم شخصیت کا کردار ادا کروں گی اور جب میں نے خود کو اس روپ میں اسکرین پر دیکھا تو ہر چیز بہت حقیقی معلوم ہوئی'۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلم بیل باٹم 19 اگست کو بڑی اسکرین پر تھری ڈی میں ریلیز ہوگی۔
فلم 'بیل باٹم' کا پہلا ٹریلر ریلیز کیا جاچکا ہے اور اس میں اندرا گاندھی کے روپ میں موجود لارا دتہ کے انداز نے مداحوں کو حیران کردیا کہ وہ بالکل بھی پہچانی نہیں جارہیں۔
اس فلم میں اکشے کمار مرکزی کردار میں ایک خفیہ ایجنٹ کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، وانی کپور اکشے کی اہلیہ کے کردار میں نظر آئیں گی جبکہ اداکارہ ہما قریشی بھی فلم کا حصہ ہیں۔