• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

گوگل کا پاکستان سمیت 5 ایشیائی ممالک کیلئے 75 لاکھ ڈالر کی کووڈ-19 گرانٹ کا اعلان

شائع July 30, 2021
وبا کے موجودہ بحران کا خاتمہ کرنے کیلئے امداد کا اعلان کیا گیا — شٹر اسٹاک فوٹو
وبا کے موجودہ بحران کا خاتمہ کرنے کیلئے امداد کا اعلان کیا گیا — شٹر اسٹاک فوٹو

گوگل نے پاکستان سمیت 5 ایشیائی ممالک کے لیے کووڈ-19 ریلیف کے تحت 75 لاکھ ڈالر گرانٹ اور دیگر اقسام کی معاونت کا اعلان کردیا۔

اس حوالے سے گوگل ڈاٹ آر جی کے بیان میں کہا گیا کہ گوگل نے یہ اعلان اس لیے کیا ہے کہ وہ ممالک جہاں اس وقت کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے وہاں وبا کے موجودہ بحران کا خاتمہ کیا جاسکے۔

گوگل کا انسان دوست ادارہ Google.org، یونیسف (UNICEF) کو بھی 15 لاکھ ڈالر کی گرانٹ فراہم کرے گا تاکہ پاکستان، تھائی لینڈ، ملائیشیا، ویتنام اور فلپائن سمیت 5 ممالک میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے درکار فوری معاونت فراہم کی جاسکے۔

اس گرانٹ کو استعمال میں لاتے ہوئے یونیسیف کورونا ویکسی نیشن سینٹرز میں خواتین ویکسینیٹرز تعینات کرے گا تاکہ پاکستان میں ویکسین لگانے والی خواتین کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکے اور ویکسین کمیونیکیشن کو فروغ دیا جاسکے۔

علاوہ ازیں یونیسیف، وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور مستقبل میں آنے والی کورونا وائرس کی نئی لہروں سے ہونے والی ممکنہ اموات میں کمی کے لیے حکومتوں اور کمیونیٹیز کی مدد بھی جاری رکھے گا۔

مذکورہ اعلان کرتے ہوئے گوگل کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان، فرحان قریشی نے کہا کہ 'کورونا وائرس کے کیسز میں حالیہ اضافہ ہمارے نظام صحت پر غیر معمولی دباؤکا باعث بن رہا ہے اور گوگل ڈاٹ او آر جی کی جانب سے یونیسیف کے لیے اِس گرانٹ کا مقصد، اس نازک وقت میں، پاکستان کے لیے تعاون میں مزید اضافہ کرنا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم معلومات اور تمام عوامل کی مکمل فراہمی یقینی بنانے پر توجہ مرکوز رکھیں گے تاکہ تمام پاکستانی باخبر، مربوط رہیں اور،اس بحران میں محفوظ رہیں'۔

دوسری جانب مشرقی ایشیا اور بحرالکاہل کے لیے یونیسیف کی ریجنل ڈائریکٹر، کیرن ہلشوف نے کہا کہ 'ہم گوگل ڈاٹ او آر جی کی جانب سے یونیسیف کے لیے امداد کی فراہمی پر مشکور ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم کووڈ-19 ویکسین تک آبادی کی منصفانہ رسائی اور خدمات تک فراہمی کی صورت میں عالمی وبا کے خلاف انتھک کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، جس میں سب سے زیادہ توجہ کمزور طبقات پر مرکوڈ کی گئی ہے'۔

کیرن ہلشوف نے مزید کہا کہ 'صرف ایک حقیقی عالمی ردعمل ہی ہر بچے اور ان کمیونٹیز کے مستقبل کو محفوظ بنا سکتا ہے جہاں ہم رہتے ہیں، ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ کام کرتے رہیں گے اوران کی مہارتوں، جدید حل اور لچکدار فنڈنگ سے مستفید ہوتے رہیں گے تاکہ خطے میں اور اس کے باہر بھی وبا کے اثرات کم کرنے میں مدد فراہم کی جاسکے'۔

یونیسف کے لیے مذکورہ گرانٹ کے علاوہ، گوگل ڈاٹ او آر جی انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (IFRC) کو بھی 10 لاکھ ڈالرز کی اضافی امداد فراہم کررہا ہے تاکہ انڈونیشیا میں آکسیجن اور طبی آلات کی فوری فراہمی ممکن ہو سکے۔

اس کے علاوہ گوگل ڈاٹ او آر جی پاکستان سمیت جنوب مشرقی ایشیامیں مقامی سرکاری اداروں اور تنظیموں کو بھی 50 لاکھ ڈالرز کی امدادی گرانٹ فراہم کررہا ہے تاکہ وہ عوامی صحت کے بارے میں معلوماتی مہمات مفت چلا سکیں۔

گزشتہ برس سے لے کر اب تک، گوگل نے عالمی ادارہ صحت سمیت مقامی حکومتوں کو 2 کرور 70 لاکھ ڈالر سے زائد کی امدادی گرانٹس فراہم کی ہیں تاکہ سامعین تک ویکیسن کے بارے میں حقائق کی فراہمی کے اور وبا سے محفوظ رہنے کے پیغامات پہنچائے جاسکیں

وبا کے آغاز سے اب تک،گوگل ڈاٹ او آر جی نے ویکسین الائنس، کے ذریعے ایشیا اور پوری دنیا میں ویکسین کی تقسیم کے لیے فنڈز فراہم کیے ہیں۔

گوگل اپنی توجہ اِس بات کو یقینی بنانے پر مرکوز کیے ہوئے ہے کہ وہ اپنے ٹولز اور مصنوعات کے ذریعے پاکستان میں ہر شخص تک معلومات پہنچا سکے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024