• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مہروز وسیم نے عثمان مختار کی مبینہ آڈیو کلپ جاری کردی

شائع July 29, 2021
اداکار نے واضح طور پر اداکارہ کا نام نہیں لیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکار نے واضح طور پر اداکارہ کا نام نہیں لیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

مبینہ طور پر اداکار عثمان مختار کو بلیک میل کرنے والی آرٹسٹ مہروز وسیم نے اداکار کی آڈیو کلپ جاری کردی۔

عثمان مختار نے 27 جولائی کو انسٹاگرام پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ڈیڑھ سال سے ایک خاتون آرٹسٹ بلیک بیل اور ہراساں کر رہی ہیں، جن کے ساتھ انہوں نے 2016 میں ایک ویڈیو بنانے کے منصوبے میں کام کیا تھا۔

عثمان مختار نے اپنی طویل پوسٹ میں کسی بھی خاتون کا نام نہیں لیا تھا لیکن بتایا تھا کہ انہوں نے مذکورہ خاتون کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں رپورٹ درج کروادی ہے اور اب وہی خاتون کے خلاف تفتیش کرے گا۔

اداکار کے دعوے کے بعد مہروز وسیم نامی گلوکارہ اور آرٹسٹ سامنے آئی تھیں، جنہوں نے بتایا کہ ان کے خلاف ہی عثمان مختار نے ایف آئی اے میں درخواست دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عثمان مختار کا ساتھی خاتون آرٹسٹ پر ہراسانی کا الزام

مذکورہ خاتون نے عثمان مختار کے دعووں پر اپنی طویل پوسٹ میں اداکار کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے نہیں بلکہ انہیں اداکار نے ہراساں کیا۔

خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ عثمان مختار نے پیسے لینے کے باوجود ان کا ویڈیو بنانے کا کام مکمل نہیں کیا اور اداکار نے انہیں ہراساں کیا، ان کے ساتھ جسمانی چھیڑ خانی بھی کی اور پھر ان کے خلاف ہی ایف آئی اے میں درخواست دی۔

خاتون کے مذکورہ بیان کے بعد اسی خاتون نے ایک آڈیو کلپ جاری کی ہے، جس سے متعلق انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ عثمان مختار کی ہے۔

جاری کی گئی ایک منٹ سے زائد دورانیے کی ویڈیو میں ایک مرد بولتے سنائی دیتے ہیں کہ مہروز وسیم اب تک ان کی سب سے خراب صارف ہیں۔

آڈیو کلپ میں بولنے والے مرد بظاہر ویڈیو بنانے کے معاملے پر بات کرتے سنائی دیتے ہیں، جس میں وہ کسی تصویر یا منظر کو ویڈیو میں شامل کرنے پر نالاں دکھائی دیتے ہیں۔

آڈیو کلپ میں اگرچہ مرد کی جانب سے کسی نامناسب الفاظ کا استعمال نہیں کیا گیا لیکن ان کا لہجہ سخت محسوس ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: عثمان مختار کو ہراساں کرنے والی خاتون سامنے آگئیں

مذکورہ کلپ کو شیئر کرتے ہوئے مہروز وسیم نے دعویٰ کیا کہ آڈیو میں دھمکی دینے والے شخص عثمان مختار ہی ہیں۔

دوسری جانب مہروز وسیم کے سامنے آنے کے بعد عثمان مختار نے اپنی ایک پوسٹ میں میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین کو التجا کرنے سمیت انہیں تنبیہ کی کہ ان کی اسٹوریز، پوسٹس اور تصاویر کو اٹھا کر معاملے کو اچھالنے سے گریز کیا جائے۔

اداکار نے اپنی پوسٹ میں ایک بار پھر کسی بھی خاتون کا نام لیے بغیر بتایا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے معاملے پر کسی بھی خاتون کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی جائے، اس لیے انہوں نے اپنی پہلی پوسٹ میں بھی کسی کا نام نہیں لیا تھا۔

اداکار نے لوگوں سے التجا کی کہ مذکورہ معاملے پر ان کی پوسٹس اور تصاویر کو غلط انداز مین استعمال کرنے سے گریز کرکے معاملے کو اچھالنا بند کیا جائے۔

ساتھ ہی عثمان مختار نے لکھا کہ انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر کمنٹس اس لیے بند کردیے ہیں، کیوں کہ وہ نہیں چاہتے کہ کسی خاتون کے خلاف لوگ نامناسب زبان استعمال کرکے دوسروں کی کردار کشی کریں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ان کا مذکورہ معاملہ اب تفتیشی اداروں کے پاس ہے اور وہی اسے حل کریں گے، ساتھ ہی انہوں نے لوگوں کو قیاس آرائیاں کرنے سے بھی روکا اور لکھا کہ معاملے میں دو زندگیاں ملوث ہیں، اس لیے افواہیں نہ پھیلائیں۔

عثمان مختار نے کسی خاتون کا نام نہیں لیا مگر بعد ازاں مہروز وسیم خاتون سامنے آئیں، جنہوں نے اداکار پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا گیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
عثمان مختار نے کسی خاتون کا نام نہیں لیا مگر بعد ازاں مہروز وسیم خاتون سامنے آئیں، جنہوں نے اداکار پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا گیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (1) بند ہیں

Sami Jul 30, 2021 06:00pm
Drama Queen.sorry to say There is nothing abusive in this audio tape. He is music director and has right to critique on someone mistake. You should have courage to accept your mistakes instead of throwing false allegations on others.

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024