• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

‘وزیراعظم کو سمجھ آگئی ہوگی جب زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے’

شائع July 28, 2021
اسلام آباد میں بارش نے تباہی مچادی—فوٹو: ڈان نیوز
اسلام آباد میں بارش نے تباہی مچادی—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بارش نے سمجھا دیا ہوگا کہ جب زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں سعید غنی نے کہا کہ ‘اسلام آباد میں ہونے والی بارش نے یقیناً وزیراعظم عمران نیازی کو سمجھا دیا ہوگا کہ جب زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے’۔

یہ پڑھیں: بلاول زرداری کی تھیوری سےآئن اسٹائن کی روح بھی تڑپ رہی ہے، وزیراعظم عمران خان

انہوں نے کہا کہ ‘اللہ بارش کو ہمارے لیے رحمت بنائے اور ہمارے ملک کو اس کے نقصانات سے محفوظ رکھے’۔

خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں موسلا دھار بارشوں کے باعث سڑکیں اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ گھروں میں پانی داخل ہونے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

موسلادھار بارش سے سب سے زیادہ اسلام آباد کا علاقہ سیکٹر ای-11 متاثر ہوا جہاں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ پانی کے ریلے میں بہہ کر درجنوں گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

پولیس حکام کے مطابق سیکٹر ای-11 ہاؤسنگ سوسائٹیز پر مشتمل سیکٹر ہے اور یہاں پولیس فاؤنڈیشن کے پیٹرن انچیف سیکریٹری داخلہ خود ہیں، جہاں سوسائٹی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔

حکام کا کہنا تھا کہ سیکٹر ای-11 کے ایک گھر کی بیسمنٹ میں رہائش پذیر خاندان سے تعلق رکھنے والے ماں اور بیٹا پانی بھر جانے کے باعث جاں بحق ہوگئے۔

مزید پڑھیں: موسلادھار بارشوں سے اسلام آباد، راولپنڈی میں سیلابی صورتحال، 2 افراد جاں بحق

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 2019 میں کراچی سمیت پورے سندھ میں بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کے بعد پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے اس بیان کا مذاق اڑایا تھا کہ ‘زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے’۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 'بلاول زرداری نے جو تھیوری دی ہے اس پر آئن اسٹائن کی روح بھی تڑپ رہی ہے کہ جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے اور زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024